پنجیڑہ میں فورسز پر حملہ ، دہشتگرد ایکشن کمیٹی کے افراد کی شناخت کا عمل شروع

 کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل ) ضلع کوٹلی کے علاقے پنجیڑہ میں سڑک کھولنے کیلئےکلیئرنس آپریشن کے دوران د ہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کے افراد  نےفورسز کی دو پک اپ گاڑیوں اور ایک بس کو آگ لگا ئی جس سے دونوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

ترجمان پولیس ضلع کوٹلی کی پریس ریلیز کے مطابق پنجیڑہ کے مقام پر کئی روز سے درخت گرا کر سڑک بند کی گئی تھی جسے آج 29 نومبر 2026 کی صبح فورسز نے درخت ہٹا کر عام ٹریفک کیلئے کھولنے کی کوشش کی جس پر دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کے عناصرنے اوچھی حرکتیں شروع کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں:غازی شہزاد اور دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کیساتھ روابط؟ ہٹیاں بالا سے شہریوں کا بڑا مطالبہ

ترجمان کے مطابق اس دوران مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی سے وابستہ 250 افراد نے اسلحہ، ڈنڈوں اور پتھروں سے فورسز پر حملہ کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے فورسز کی رہائش گاہ اور کالج کے باہر پہنچے، جہاں سڑک دوبارہ بند کرکے حملہ کیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق فورسز نے شیلنگ کرکے حملہ آوروں کو منتشر کیا اور علاقے کو کلیئر کرایا جبکہ اس دوران فورسز کے زیر استعمال دو پک اپ گاڑیوں اور ایک بس کو نذر آتش کرکے نقصان پہنچایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کو تباہی سے بچانے کیلئے دہشتگردوں کا خاتمہ ضروری، عوام نے فوری آپریشن ناگزیر قرار دیدیا

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کے افراد کی شناخت کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔

 ترجمان کے مطابق کوٹلی پولیس اور دیگر فورسز عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے چوکس ہیں اور امن و امان خراب کرنے، عوامی راستے بند کرنے اور مبینہ طور پر خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کیخلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔