ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دیکرچیمپئن ٹرافی اپنے نام کر لی۔
دوحہ کے ویسٹ اینڈ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےجانے والے میچ میں پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کو جیت کیلئے 217 رنز کا چھوٹا ہدف دیا لنکن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 42 اوورز کی تیسری گیند پر9وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سری لنکا اے کی جانب سے نشن مدوشکا نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 6 چوکے، 2 چھکے شامل تھے۔ لہیرو سماراکون 22 گیندوں پر 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ پون رتھنائیکے نے 30 اور لستھ کروسپلے نے 26 رنز اسکور کئے۔ گاروکا سنکیت 4 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
یہ بھی پڑھیں:مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز2026کے شیڈول کا باضابطہ اعلان
پاکستان اے کی جانب سے علی رضا نے 58 رنز دیکر 3 وکٹیں اپنے نام کیں، سفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن نواز، معاذ صداقت اور احمد دانیال کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کے خلاف مقررہ 50 اوورز کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہ زیب خان نے 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی انہوں نے 91 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکے بھی لگائے۔
شامل حسین 40 اور کپتان عبدالصمد 33 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے، روہیل نذیر نے 37 رنز اسکور کئے جبکہ سفیان مقیم 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں:احمددانیال کی شاندار بولنگ:شاہینزکی رائزنگ سٹارزایشیا کپ میں فتح
سری لنکا اے کی جانب سے رویندو فرنینڈو اور گاروکا سنکیت نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وانوچا سہان نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
فائنل میچ کیلئے پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔



