متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایک معروف خاتون کاروباری شخصیت نے اپنی کمپنی میں کام کرنے والی تمام خواتین ملازمین کو انتہائی مہنگے فولڈ ایبل آئی فون تحفے میں دے کر سب کو دنگ کر دیا۔ غیر متوقع تحفہ ملنے پر بعض ملازمات اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کی منیجنگ ڈائریکٹر حسینہ نشاد نے اپنی خواتین ملازمین کو اچانک خوشگوار سرپرائز دینے کا منصوبہ بنایا اور خاموشی سے ان کی ورک ڈیسک اور میزوں پر تحائف سے بھرے ڈبے رکھ دیے۔
دو ہزار ڈالر مالیت کے تحائف اور جذباتی مناظر:
جب خواتین ملازمین نے اپنی میزوں پر رکھے تحائف کے ڈبے کھولے تو ان کے اندر تقریباً 2 ہزار ڈالر مالیت کے جدید ‘آئی فون ڈو’ موجود تھے، جن کی قیمت پاکستانی کرنسی میں ساڑھے پانچ لاکھ روپے سے بھی زائد بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون پر 25 فیصد ڈسکاؤنٹ کا جھانسہ، سائبر سیکیورٹی کمپنی نے پاکستانیوں کو خبردار کر دیا
اس غیر متوقع اور گرانقدر سرپرائز پر ملازمات کی خوشی دیدنی تھی اور کئی خواتین موقع پر ہی جذباتی ہو گئیں۔ حسینہ نشاد نے اس فراخدلی کا مظاہرہ صرف کمپنی کی ملازمات تک محدود نہیں رکھا بلکہ انہوں نے اپنے گھر میں صفائی کا کام کرنے والی خاتون کو بھی یہی گرانقدر اور مہنگا فون تحفے میں دیا۔ تحفہ موصول ہونے پر وہ صفائی کرنے والی خاتون اس قدر آبدیدہ ہوئیں کہ انہوں نے حسینہ نشاد کو گلے لگا کر رو پڑیں۔
خواتین کو مہنگے تحائف دینے کی بنیادی وجہ:
حسینہ نشاد نے اپنے اس اقدام کی ویڈیو اور تفصیلات انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس بات پر گہرا ایمان رکھتی ہیں کہ ہر عورت کے اپنے خواب، ذاتی ذمہ داریاں اور زندگی کی گو نا گوں مشکلات ہوتی ہیں۔ ان کی دلی خواہش ہے کہ تمام خواتین خود کو مضبوط، خود مختار اور پراعتماد بنائیں اور اپنے سپنوں کی تعبیر اور تکمیل کے لیے آگے بڑھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی خاتون کو زندگی میں کامیاب اور کامران ہوتے دیکھنا ان کے لیے سب سے زیادہ فخر کا باعث ہے، کیونکہ جب ایک عورت ترقی کا سفر طے کرتی ہے تو وہ دوسری بے شمار خواتین کے لیے حوصلے، ہمت اور کامیابی کی ایک زندہ مثال بن جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: ڈگری کی شرط ختم؟ جرمنی میں پاکستانی آئی ٹی ہنر مندوں کے لیے بے شمار مواقع
سوشل میڈیا پر حسینہ نشاد کے اس شاندار اور انسان دوست اقدام کو خواتین کی حوصلہ افزائی، ان کے کام کی قدر افزائی اور ان کی خدمات کے اعتراف کی ایک بہترین اور خوبصورت مثال قرار دے کر بے حد سراہا جا رہا ہے۔




