اسلام آباد ( کشمیر ڈیجیٹل ) سابق معاونِ خصوصی وزیراعظم سردار امتیاز خان نے کہا کہ سیاسی قیادت نے راولاکوٹ میں امن کے قیام کیلئے امن جرگہ بلایا ۔
عوامی مسائل حل کیلئے عظیم الشان پونچھ امن جرگہ اجتماعی، سنجیدہ اور ذمہ دارانہ کاوش تھی جس کا بنیادی مقصد تمام معاملات کو مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا تھا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پونچھ امن جرگے میں خطے کی جید سیاسی قیادت، سنجیدہ فکر شخصیات اور سیاسی و سماجی حلقوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چہلہ بانڈی:آتشزدگی کا واقعہ، وقار احمد نور کا مافیا کیخلاف کارروائی کا اعلان
جرگے میں باہمی اتفاقِ رائے سے سردار محمد یعقوب خان اور سردار مسعود خان، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان، سابق رکن اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان، بریگیڈیئر (ر) محمد خان اور ڈاکٹر خالد محمود پر مشتمل اعلیٰ سطحی امن جرگہ کمیٹی قائم کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ صدر ریاست ڈاکٹر نجیب نقی، وزیراعظم افتخار گیلانی، اسپیکر طارق فاروق سے اس معاملے پر بات کی جائے گی۔
سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، چوہدری محمد یاسین، شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر خان سمیت جید سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے کر ایکشن کمیٹی کی قیادت سے مذاکرات کئےجائیں گےؔ
تاکہ تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی فضا قائم کی جا سکے۔
سردار امتیاز خان نے کہا کہ امن جرگے کی اس مثبت اور تعمیری پیش رفت کا خیرمقدم کرنے کے بجائے ایکشن کمیٹی کی جانب سے منفی ردعمل سامنے آیا۔
ایکشن کمیٹی کی قیادت کے بیانات، جاری کردہ پالیسی بیان اور اندرون و بیرون ملک اس سے وابستہ افراد کی جانب سے سوشل میڈیا پر غیر مناسب گفتگو نے امن اور مفاہمت کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اس طرزِ عمل سے ایکشن کمیٹی کے عزائم کے حوالے سے کئی سوالات پیدا ہوئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خلا میں پاکستانی خلا باز کیلئے دیسی کھانوں کا خصوصی اہتمام، بٹر چکن مینیو میں شامل
انہوں نے کہا کہ راستوں کی بندش اور آمدورفت میں رکاوٹوں کے باعث عام شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے، جبکہ امن و امان کی صورتحال بھی تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے۔
عوامی مشکلات کا ازالہ، ریاستی عملداری کا قیام اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کسی بھی فرد یا گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سابق معاونِ خصوصی نے ایکشن کمیٹی کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ تصادم اور محاذ آرائی کا راستہ ترک کرے اور اس کے مسلح افراد ہتھیار چھوڑ کر خود کو قانون کے حوالے کریں، تاکہ علاقے میں امن و امان بحال ہو اور ریاستی ادارے قانون کے مطابق اپنا کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کا پائیدار حل طاقت کے استعمال یا محاذ آرائی میں نہیں بلکہ مذاکرات، افہام و تفہیم اور قانون کی پاسداری میں ہے۔
عوام یہ دیکھ رہی ہے کہ سیاسی قیادت کی جانب سے امن اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوششوں کا ایکشن کمیٹی کس انداز میں جواب دے رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی قیادت آج بھی بامقصد مذاکرات کے لیے تیار ہے اور خطے میں امن، قانون کی بالادستی اور عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہیے۔




