اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان، جموں کشمیر لبریشن سیل اور کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (KIIR) کے زیرِ اہتمام خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اہم سیمینار منعقد کیا گیاجس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے غلام محمد صفی،حریت رہنما مسز شمیم شال، پروفیسر ڈاکٹر آمنہ محمود، ، ڈاکٹر سائرہ کاظمی،ڈاکٹر سائرہ فاروق شاہ، نائلہ الطاف کیانی، الئمہ فراز اور راجہ خان افسر خان سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، گرفتاریوں، ہراسانی اور عدم تحفظ پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کا بندوقوں کے سائے میں لال چوک میں دیوالی کا ڈرامہ کشمیر میں مذہبی امتیاز کو چھپا نہیں سکتا، حریت کانفرنس
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کے حقوق، تحفظ اور تشدد کے خاتمے کے لیے آواز بلند کی جا رہی ہے، لیکن بدقسمتی سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خواتین گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر، خوف، اذیت اور ناانصافی کا سامنا کر رہی ہیں۔
غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری خواتین نے تحریک آزادی کشمیر میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ اپنے شوہروں، بیٹوں، بھائیوں اور دیگر عزیزوں کی جدائی کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور وہ ہر مشکل کے باوجود اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں۔
حریت قیادت نے کشمیری خواتین کی جرأت، استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے۔
مقررین نے کہا کہ کنن پوشپورہ کا دلخراش واقعہ، آسیہ اور نیلوفر کی المناک اموات اور کشمیری خواتین کی گرفتاریوں کے واقعات مقبوضہ کشمیر میں خواتین کو درپیش سنگین صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔
آسیہ اندرابی، فہمیدہ، انشاء اور دیگر خواتین کی گرفتاریوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو خوفزدہ کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کو نشانہ بنانے کے اقدامات انسانی حقوق اور بنیادی انسانی اقدار کے منافی ہیں۔
حریت قیادت نے کہا کہ بھارتی اقدامات کے نتیجے میں ہزاروں خواتین اپنے پیاروں سے محروم ہو چکی ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کی بیویاں آج بھی اپنے شوہروں کی واپسی کی منتظر ہیں اور انہیں ہاف وِڈوز کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔
پیلٹ گنز اور دیگر مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے خواتین سمیت شہریوں کی بینائی متاثر ہونے اور سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر بھی شدید تشویش ظاہر کی گئی۔
مقررین نے کہا کہ بھارت طاقت اور جبر کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبۂ حریت کو ختم نہیں کر سکتا۔ کشمیری خواتین نے ہر آزمائش میں ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام اپنی منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا کل جماعتی حریت کانفرنس کے مرکزی آفس کا دورہ،اہم پریس کانفرنس
سیمینار کے شرکاء نے اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کے خلاف تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی اقدامات کا فوری نوٹس لیں، غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنائیں اور بھارت پر بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے لیے دباؤ ڈالیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے، کیونکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔




