باغ(کشمیر ڈیجیٹل )ڈپٹی کمشنر باغ سید ممتاز حسین کاظمی نے کہا کہ حکومت کے 100روزہ پلان پر عملدرآمد کیلئے ادارے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ ادارے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرین بسوں کیلئے ٹرمینل اور سڑکات کے ضروری اقدامات فوری پورے کئے جائیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ممبران اسمبلی کی پارلیمانی تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر، موثرقانون سازی پرزور
محکمہ صحت عامہ کے ذمہ داران اس بات کو یقینی بنائیں کہ سو روزہ پلان کے اندر حکومتی ترجیحات کے مطابق محکمہ اپنی ذمہ داری ہر صورت پوری کرے۔
ڈپٹی کمشنر باغ نے کہا کہ پولیس انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کیلئے اقدامات کرے، این جی اوز کا ڈیٹا اور انکے منصوبوں کی چیکنگ کو تیز کیا جائے۔
مدارس کی رجسٹریشن کو مکمل کیا جائے، باغ کے اندر امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس قانون کے مطابق کاروائیاں کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران ضلعی آفیسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نوجوانوں کی ترقی کیلئے خصوصی پلان لیکر آرہے ہیں،وزیراعظم گیلانی
اس موقع پر محکمہ شاہرات، صحت، برقیات، پولیس سمیت جملہ محکمہ جات کے ضلعی آفیسران موجود تھے جنہوں نے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلہ جات پر عملدرآمد اور اپنی پراگریس سے آگاہ کیا۔
جبکہ ڈپٹی کمشنر باغ ممتاز کاظمی کو آئندہ کے مقررہ اہداف کے حصول کیلئے حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ادارے حکومت کا چہرہ ہیں حکومتی ترجیحات کے مطابق عوامی سہولیات کے پیش نظر تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات ناگزیر ہیں۔
باغ کے اندر امن و امان کی صورت حال بہتر ہے جسے قائم رکھنےکیلئے پولیس ضروری اقدامات کرے، انہوں نے کہا کہ گرین بس منصوبے کے لیے عملی اقدامات میں کوئی تاخیری حربہ قابل قبول نہیں ہو گا۔
سو روزہ حکومتی پلان کے مطابق تمام محکمہ جات اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور جہاں بھی کسی سطح پر مسائل ہوں وہ ہمیں آگاہ کریں اداروں کے آپس میں مضبوط روابط عوام کو جلد سہولیات دینے میں معاون ثابت ہونگے۔




