2027 میں سونے کی قیمت کہاں تک جائیگی؟ بڑی پیشگوئیاں آگئیں

2027 میں سونے کی قیمت کہاں تک جائے گی یہ وہ سوال ہے جو اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر میں سونا خریدنے اور بیچنے والوں کے ذہنوں میں گھوم رہا ہے۔ اس حوالے سے عالمی بینک اور دیگر بڑے مالیاتی اداروں کی پیش گوئیاں بھی سامنے آئی ہیں۔

رواں سال کے آخری مہینوں میں مقامی اور عالمی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں، پاکستان میں اس وقت ایک تولہ سونے کا ریٹ  3 لاکھ 76 ہزار 336 روپے جبکہ عالمی مارکیٹ میں 3 ہزار 538 کی سطح پرآ گیا ہے۔

اگلے سال عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں تیزی اور مندی دونوں طرح کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

 بعض بڑے بینک سونے کی قیمت 5 ہزار ڈالر فی اونس سے اوپر جانے کی توقع رکھتے ہیں جبکہ عالمی بینک کے مطابق 2027 میں قیمتوں میں کمی بھی آسکتی ہے جس کے اثرات پاکستانی مارکیٹوں پر بھی پڑیں گے ۔

جے پی مورگن پرائیویٹ بینک نے نومبر کی اپنی سرمایہ کاری رپورٹ میں 2027 کے اختتام تک سونے کی قیمت 4,450 سے 4,750 ڈالر فی اونس رہنے کا تخمینہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں بڑی گراوٹ، پاکستان میں فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟

 ادارے کے مطابق جغرافیائی کشیدگی، افراط زر اور ڈالر سے ہٹ کر سرمایہ کاری کے رجحان سے سونے کی طویل مدتی اہمیت برقرار رہ سکتی ہے۔

گولڈمین سیکس(Goldman Sachs) نے 2027 کے لیے سونے کی قیمت کا ہدف 5,400 ڈالر سے کم کرکے 4,800 ڈالر فی اونس کردیا ہے۔ اس تبدیلی کی وجہ امریکی فیڈرل ریزرو کی سخت مالیاتی پالیسی اور بلند شرح سود کے امکانات بتائے گئے ہیں۔

کینیڈین مالیاتی ادارے سی آئی بی سی نے 2027 میں سونے کی اوسط قیمت 5,200 ڈالر فی اونس رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ سابقہ تخمینہ 6,500 ڈالر تھا۔

عالمی بینک کا نقطہ نظر نسبتاً محتاط ہے۔ ادارے کے مطابق 2027 میں سونے کی اوسط قیمت 4,250 ڈالر فی اونس رہ سکتی ہے جو 2026 کے 4,600 ڈالر کے متوقع اوسط سے 7.6 فیصد کم ہے۔

سونے کی قیمتوں میں موجودہ کمی کی وجوہات

پاکستان سمیت دنیا بھر میں سونے کی قیمتیں مسلسل نیچے آرہی ہیں ۔ امریکی ڈالر کی مضبوطی، امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات اور سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے کی فروخت اس گراوٹ کی وجوہات قرار دی جارہی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سونا عام طور پر مہنگائی اور جنگ کے دوران محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ امریکی معاشی پالیسی اور مالیاتی منڈیوں کی صورتحال نے سونے پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔دنیا میں سونا سستا ہونے کی 6 بڑی وجوہات یہ ہیں۔

 امریکی ڈالر کی مضبوطی

امریکی ڈالر تقریباً 19 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا ہے۔ چونکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی خرید و فروخت ڈالر میں ہوتی ہے اس لیے ڈالر مضبوط ہونے سے دوسری کرنسیوں کے حامل خریداروں کے لیے سونا مہنگا ہوجاتا ہے اور اس کی طلب متاثر ہوتی ہے۔

 امریکی فیڈرل ریزرو کی شرح سود بڑھنے کا امکان

یہ سونے کی قیمت میں کمی کی اہم وجوہات میں سے ایک ہے۔امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے دسمبر 2026 میں شرح سود میں 0.25 فیصد اضافے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

شرح سود بڑھنے سے سرمایہ کاروں کو بینکوں اور امریکی بانڈز میں سرمایہ کاری پر بہتر منافع ملنے کی توقع ہوتی ہے جبکہ سونا کوئی مقررہ منافع نہیں دیتا۔ اس لیے سرمایہ کار سونے کے بجائے دیگر سرمایہ کاری کی طرف منتقل ہوسکتے ہیں۔

 امریکی بانڈز پر منافع کی شرح میں اضافہ

امریکی ٹریژری بانڈز کے منافع (Yield) میں اضافے نے بھی سونے کی کشش کم کردی ہے۔سرمایہ کار ایسے اثاثوں کو ترجیح دینے لگتے ہیں جہاں انہیں منافع ملنے کی توقع ہو جبکہ سونا اپنے مالک کو سود یا باقاعدہ آمدن فراہم نہیں کرتا۔

 سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کا حصول

2026 کے آغاز میں سونے کی قیمت تاریخی ریکارڈ تک پہنچ گئی تھی۔ اس غیر معمولی اضافے کے بعد متعدد سرمایہ کاروں نے اپنا منافع محفوظ کرنے کے لیے سونا فروخت کرنا شروع کردیا۔اس فروخت نے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں پر مزید دباؤ ڈالا۔

 عالمی اسٹاک مارکیٹ میں مندی اور سرمایہ نکالنے کا دباؤ

رائٹرز کے مطابق Nvidia کی مارکیٹ ویلیو میں اکتوبر کے آغاز سے تقریباً 1.9 ٹریلین ڈالر کی کمی نے بھی سونے کی فروخت پر دباؤ بڑھایا۔

 مرکزی بینکوں اور زیورات کی طلب میں تبدیلی

سونے کی قیمتوں کو سہارا دینے والے عوامل میں مرکزی بینکوں کی خریداری اور سرمایہ کاری کی طلب شامل ہیں، لیکن بعض مارکیٹوں میں زیورات اور سونے کے سکوں کی طلب کمزور ہوئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق پولینڈ کا مرکزی بینک اپنے 700 ٹن کے سونے کے ذخائر کے ہدف تک پہنچنے کے بعد مزید خریداری روکنے پر غور کررہا ہے جبکہ چین میں مرکزی بینک کی خریداری جاری ہے۔