اسلام آباد( کشمیر ڈیجٹیل )پاکستان میں سکھ مذہبی ورثے کی بحالی اور گوردواروں کے دروازے عبادت گزاروں کیلئے کھولنے کی کوششیں بھارتی میڈیا کو کھٹکنے لگی ہیں۔
لاہور میں 79 برس بعد ایک تاریخی گوردوارے کی بحالی کیا ہوئی کہ بھارتی ٹی وی چینلز نے پاکستان کے خلاف الزامات اور سازشی بیانیے کا نیا محاذ کھول دیا۔
پاکستان پر اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے سوالات اٹھانے والے بھارتی ذرائع ابلاغ کو اپنے ملک میں مذہبی مقامات کی مسماری، بے دخلی اور عبادت گاہوں تک رسائی میں رکاوٹوں پر کوئی بات یاد نہیں آتی۔
8 نومبر کو لاہور میں تاریخی گوردوارہ چھیویں پاتشاہی کو 1947 کے بعد، تقریباً 79 برس کی طویل خاموشی کے بعد دوبارہ آباد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان کا بھارت میں ایس سی او مکالمے میں شرکت کا فیصلہ
پیش رفت کو سکھ مذہبی ورثے کی بحالی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے، تاہم بھارتی میڈیا نے اس موقع کو بھی پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا۔
بھارتی میڈیا کے دوہرے معیار پر سوال یہ ہے کہ بھارت میں تاریخی سکھ عبادت گاہوں کو مسمار کرنے اور ان کی زمینوں پر قبضوں سے متعلق واقعات پر خاموشی کیوں اختیار کی جاتی ہے؟۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاکستان بھر میں 50 سے زائد گوردواروں کی بحالی کا کام جاری ہے، جبکہ بھارت میں متعدد سکھ مذہبی مقامات کو مسماری اور تبدیلی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
اپریل 2017 میں اندور میونسپل کارپوریشن نے گوردوارہ کرتار کیرتن صاحب کو مسمار کردیا تھا۔
مئی 2025 میں بھارتی پنجاب کے ضلع ترن تارن کے گاؤں کانگ کے رہائشیوں کو کٹرا ایکسپریس وے منصوبے کے لیے گوردوارہ مسمار کرنے پہنچنے والے اہلکاروں کے سامنے مزاحمت کرنا پڑی۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان نے اقتصادی تعاون تنظیم کی کمان سنبھال لی
جون 2025 میں ممبئی کی بلدیہ نے اندھیری کے علاقے لوکھنڈوالا میں ایک گوردوارہ مسمار کردیا۔
میگھالیہ میں ریاستی حکومت کی ایک کمیٹی نے شیلانگ کے تقریباً 200 سال قدیم گوردوارہ گرو نانک دربار کو مسمار کرنے کی سفارش بھی کی گئی تھی۔
ایک طرف پاکستان میں گوردواروں کی بحالی،اور مذہبی مقامات کی آبادکاری کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے تو دوسری جانب بھارت میں سکھ مذہبی ورثے کو درپیش مسائل پر مؤثر آواز سنائی نہیں دیتی۔
کرتارپور راہداری کی بندش کا معاملہ بھ اہمیت رکھتا ہے۔ سکھ یاتریوں کے لیے مذہبی اہمیت رکھنے والی اس راہداری تک رسائی اور اس کی بندش کے معاملے پر بھارتی حکومت کو مسلسل سوالات کا سامنا رہا ہے۔
اصل سوال یہ ہے کہ سکھ مذہبی ورثے کا تحفظ پاکستان میں ہو تو اسے سازش کیوں کہا جاتا ہے، جبکہ بھارت میں تاریخی گوردواروں کی مسماری پر خاموشی کیوں اختیار کرلی جاتی ہے؟۔
پاکستان میں گوردواروں کی بحالی اور سکھ یاتریوں کی مذہبی میزبانی کے اقدامات کے مقابلے میں بھارت کے اندر مذہبی مقامات کو درپیش مسائل بھارتی میڈیا کے بیانیے میں ایک واضح تضاد کی نشاندہی کرتے ہیں۔
مذہبی آزادی کا تقاضا صرف بیانات نہیں بلکہ تمام اقلیتوں کے مقدس مقامات، عبادت اور مذہبی شناخت کا عملی تحفظ ہے۔




