لیپہ (کشمیر ڈیجیٹل) سرکاری آٹے کی غیر قانونی ترسیل اور ممکنہ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے سب ڈویژنل مجسٹریٹ لیپہ قیصر محمود نے سب ڈویژن لیپہ کی حدود سے باہر سرکاری آٹے کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ خوراک لیپہ کی تحریک پر جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق کوئی بھی دکاندار، شخص یا اشخاص سرکاری آٹا سب ڈویژن لیپہ کی حدود سے باہر لے جانے کے مجاز نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھییں :حویلی کہوٹہ،محکمہ خوراک کی پسند ناپسند کی پالیسی، آٹا بحران شدت اختیار کر گیا
حکم کی خلاف ورزی کرنے یا سرکاری آٹے کی اسمگلنگ میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف دفعہ 144 ضابطہ فوجداری اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکم نامے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ محکمہ خوراک آزاد کشمیر عوام کو سرکاری آٹا رعایتی نرخوں پر فراہم کرتا ہے، جس پر حکومت کی جانب سے بھاری سبسڈی دی جاتی ہے۔ تاہم پاکستان اور آزاد کشمیر میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں فرق کے باعث سرکاری آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل اور اسمگلنگ کے خدشات موجود ہیں، جس کی روک تھام کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں :جہلم ویلی،سرکاری آٹا میں خورد برد پکڑی گئی، ڈیلر کا لائسنس معطل
سب ڈویژنل مجسٹریٹ قیصر محمود نے اپنے قانونی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سرکاری آٹے کو سب ڈویژن لیپہ کی حدود سے باہر لے جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی دکاندار یا شہری نہ خود اس حکم کی خلاف ورزی کرے گا اور نہ ہی کسی دوسرے شخص کو ایسا کرنے کی ترغیب دے گا۔
حکم نامے کے مطابق متعلقہ پولیس کو پابندی کی تشہیر اور عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
یہ حکم نامہ 20 نومبر 2026 کو جاری کیا گیا ہے، جو ابتدائی طور پر دو ماہ تک نافذ العمل رہے گا۔
ہیگا۔




