میرے لئے اللہ ہی کافی ہے،کشمیری نوجوان کا بھارتی فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار، جام شہادت نوش کر لیا

بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں محاصرے اور تلاشی کے آپریشن کے آٹھویں روز مسجد میں محصور کشمیری نوجوان لطیف بٹ نے ویڈیو کال پر بھارتی فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے دوٹوک انکار کر دیاجس کے بعد قابض فورسز نے انہیں شہید کر دیا۔

 اس واقعے نے وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال اور طویل فوجی آپریشنز کے اثرات پر ایک بار پھر سنگین سوالات اٹھا دئیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے 8 بھارتی طیارے مار گرانے کے دعوے پر نئی بحث،برطانوی جریدے کے انکشاف نے ہلچل مچا دی

اطلاعات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے زنگل پورہ میں جاری فوجی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی (کارڈن اینڈ سرچ آپریشن) کے آٹھویں روز کشمیری حریت پسند کارکن لطیف بٹ ایک مقامی مسجد میں محصور ہو گئے تھے۔

  بھارتی فوج نے ویڈیو کال کے ذریعے لطیف بٹ سے رابطہ کیا اور انہیں ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی، تاہم انہوں نے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے تاریخی جملہ کہا ’میرے لیے اللہ ہی کافی ہے‘۔ بعد ازاں بھارتی فورسز کی کارروائی میں وہ شہید ہو گئے۔

مبصرین کے مطابق اس واقعے نے مقبوضہ وادی میں عام شہریوں کے تحفظ، فوجی کارروائیوں کے طریقہ کار اور تنازعہ کشمیر کی مسلسل انسانی قیمت کے حوالے سے شدید خدشات کو جنم دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لطیف بٹ کی مزاحمت بھارتی فورسز کے مسلسل جبر، محاصروں اور جبری گمشدگیوں کے خلاف کشمیریوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی کی عکاسی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی سازش بے نقاب، امریکا میں ’’را‘‘ ایجنٹ انجام کے قریب پہنچ گیا

شہادت کو یقینی دیکھتے ہوئے بھی ہتھیار نہ ڈالنے کا ان کا فیصلہ اس بات کا مظہر ہے کہ جبر کی پالیسیاں کشمیری عوام کے جذبات کو دبا نہیں سکتیںبلکہ جب تک بھارت کشمیریوں کی امنگوں کا احترام اور ان کے جائز مطالبات کو تسلیم نہیں کرتا، ایسی پالیسیاں مزید مزاحمت کو جنم دیتی رہیں گی۔