راولپنڈی (کشمیرڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور جموں و کشمیر پاکستان کے بغیر نامکمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام اور کروڑوں انسانوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔
کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ طور پر کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر لبریشن سیل (راولپنڈی سینٹر) کے زیر اہتمام راولپنڈی لاء کالج، سیٹلائٹ ٹاؤن میں ”مسئلہ کشمیر اور جنوبی ایشیاء میں امن کا مستقبل“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ تقسیم ہند کے وقت طے شدہ اصول کے مطابق برصغیر کی 560 سے زائد ریاستوں کو پاکستان یا بھارت کے ساتھ الحاق کا اختیار دیا گیا تھا۔
ریاست جموں و کشمیر اپنی جغرافیائی، تاریخی اور مذہبی حیثیت کے اعتبار سے پاکستان کے ساتھ الحاق کی مستحق تھی۔ ریاست کی وادی کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 98 فیصد جبکہ جموں میں 61 فیصد تھی۔
انہوں نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں آزادجموں و کشمیر کے سابق صدر سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں ایک تاریخی قرارداد منظور کی گئی، جس میں ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا گیا۔
اس وقت مسلم کانفرنس ریاست کے مسلمانوں کی نمائندہ سیاسی جماعت تھی اور اس میں پنڈت،سکھ اور دیگر طبقات کے افراد بھی شریک تھے۔سابق صدر نے کہا کہ مہاراجہ کشمیر پر بھارت کے اہم رہنماؤں نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل، گاندھی اور لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی جانب سے بھارت کے ساتھ الحاق کے لیے دباؤ ڈالا گیا ۔
بعد ازاں اس مقصد کے لیے شیخ عبداللہ سے بھی رابطے کیے گئے جو بدقسمتی سے نہرو کے ٹریپ میں آ گئے، پھر حالات نے کروٹ لی اور مہاراجہ نے پٹیالہ اور فرید کوٹ سے فوجی دستے منگوائے جبکہ بعد ازاں بھارتی فوج بھی ریاست میں داخل ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر بعض اوقات حقائق کے برعکس ایسی باتیں پھیلائی جاتی ہیں جن کا مقصد نوجوان نسل کو گمراہ کرنا ہے۔ نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، حقائق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے آگاہ ہونا چاہیے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ اکتوبر اور نومبر 1947 میں منظم منصوبہ بندی کے تحت جموں میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔
اس دوران دو لاکھ 47 ہزار مسلمانوں کو شہید کیا گیا جبکہ تقریباً 25 ہزار خواتین کو اغوا کیا گیا اور ان کی بے حرمتی کی گئی ۔
چار سے پانچ لاکھ افراد کو زبردستی بے دخل کر کے پاکستان بھیج دیا گیا،اس سانحے کے نتیجے میں جموں کی آبادی کا تناسب تبدیل ہوا اور مسلمانوں کی تعداد کم ہو کر 37 فیصد رہ گئی۔
انہوں نے کہا کہ پنڈت جواہر لعل نہرو نے اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کو رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا وعدہ کیا۔
تاہم بعد ازاں بھارت اپنے وعدے سے منحرف ہو گیا۔ اقوام متحدہ نے بھی جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا ہے۔
جموں و کشمیر کے عوام حق۔ ودارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے جو انہیں اقوام متحدہ نے دے رکھا ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ جنریشن زی ہیں اور آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
پیلٹ گنز کے استعمال سے نوجوانوں کی بینائی متاثر کی جا رہی ہے، گھروں اور عمارتوں کو تباہ کیا جا رہا ہے، نوجوانوں کو گرفتار اور لاپتہ کیا جا رہا ہے جبکہ انہیں بھارت کی مختلف جیلوں میں قید رکھا جاتا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں آدھی بیواؤں کا تصور بھی بھارتی مظالم کا ایک دردناک نتیجہ ہے۔ برہان وانی تحریک آزادی کشمیر کی علامت بن کر سامنے آیا اور نوجوانوں کے جذبات کی ترجمانی کی۔
سابق صدر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے پہلے بھارت نے منظم پروپیگنڈے کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر کچھ نہیں کر سکتا، مقبوضہ کشمیر بھارت کا حصہ بن چکا ہے اور پاکستان بھارت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
یہ تمام دعوے حقائق کے منافی ہیں۔ بھارت نے آئینی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے وہاں اپنے تسلط کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی تاہم کشمیری عوام کی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔
نوجوانوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ پاکستان دوطرفہ مذاکرات کا مخالف نہیں، تاہم پاکستان کے نزدیک مسئلہ کشمیر مذاکرات کا بنیادی اور مرکزی نکتہ ہے جبکہ بھارت اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔
یہ بھارت ہے جو دو طرفہ مذاکرات سے بھاگ جاتا ہے اور اس سلسلے میں کوئی ثالثی قبول کرنے کو بھی تیار نہیں جبکہ پاکستان اس سلسلے میں ثالثی کی پیشکش بھی کر چکا ہے ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش بھی سامنے آئی، جسے بھارت نے مسترد کر دیا۔
سردار مسعود خان نے معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال پیش آنے والے واقعات کے پس منظر میں مسئلہ کشمیر بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، سندھ طاس معاہدے کو غیر مؤثر بنانے کا اعلان کیا اور پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کی۔
بھارت پاکستان پر حملے کے حوالے سے اپنے مؤقف کو سیلف ڈیفنس قرار دیتا رہا لیکن یہ اقوام متحدہ کے چارٹر 151 کی خلاف ورزی تھی، تاہم پاکستان نے اس کا دوٹوک جواب دیا۔
پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست سے دوچار کیا اور سبز ہلالی پرچم کو دنیا بھر میں سربلند کیا اور پاکستان کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف پراکسی وار بھی جاری ہے، جس میں بلوچستان لبریشن آرمی، تحریک طالبان پاکستان اور دیگر شدت پسند عناصر کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق اس صورتحال کا بنیادی تعلق بھی مسئلہ کشمیر اور خطے میں بھارتی پالیسیوں سے ہے۔




