مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) صدرمسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کل 18 نومبر کو مظفرآباد کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صدر مسلم لیگ ن میاں نوازشریف کے دورے سے قبل مظفرآباد اور وادی نیلم میں سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام ساجد اقبال کےہمراہ دورے کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے مظفرآباد پہنچ گئے جہاں آزاد کشمیر کے وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ نے ان کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام مظفرآباد میں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے سلسلے میں کئے جانیوالے انتظامات کا جائزہ لیں گے اور متعلقہ حکام سے سکیورٹی و دیگر امور پر بریفنگ لیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد:غیررجسٹرڈ،غیرمعیاری پانی تیار و فروخت کرنیوالا پلانٹ سیل
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف آزاد کشمیر حکومت کے 100روزہ پلان کا افتتاح کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان آزاد کشمیر کیلئے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان بھی کریں گے۔ مجوزہ ترقیاتی پیکیج کے تحت آزاد کشمیر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کا امکان ہے۔
صدرآزادکشمیر ڈاکٹر نجیب نقی، وزیراعظم افتخار گیلانی، شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر رہنما معزز مہمانوں کا استقبال کریں گے۔
نواز شریف کی پارلیمانی پارٹی، ممبران کشمیر کونسل، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور اتحادی جماعت کے رکن اسمبلی ساجد اقبال عباسی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ نواز شریف کے خطاب کا بھی امکان ہے۔
وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ مریم نواز، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر اہم شخصیات کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہوں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، سکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال
دوسری جانب نواز شریف کے دورہ مظفرآباد کے بعد وادی نیلم میں ایک روزہ قیام کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کے ممکنہ قیام کیلئے وادی نیلم کے ریسٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف دورہ مظفرآباد مکمل کرنے کے بعد کل ہی اسلام آباد واپس روانہ ہو جائیں گے۔
سیاسی و سرکاری حلقوں میں اس دورے کو آزاد کشمیر کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔
متوقع ترقیاتی پیکیج سے خطے میں نئے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز، عوامی مسائل حل کے حوالے سے نئی پیشرفت کی توقع کی جا رہی ہے۔




