مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے شہریوں نے سوشل میڈیا پر سکیورٹی فورسز کے خلاف مبینہ منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کا پُرامن ماحول خراب کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والوں کا گھیرا تنگ کیا جائے اور انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کا امن اور استحکام ہر شہری کیلئے اہمیت رکھتا ہے۔ کسی بھی فرد یا گروہ کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنے مذموم مقاصد کیلئے عوام کو اشتعال دلائے، ریاست میں انتشار پیدا کرے یا سکیورٹی فورسز کے خلاف منفی مہم چلائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کی احتجاج، مظاہروں کی کال مسترد،کاروباراوپن، معمولات زندگی رواں دواں
ایسے عناصر کیخلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہونی چاہیے اور جرم ثابت ہونے پر انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے کور ممبران نے عوام کو ورغلانے اور ان کی ذہن سازی کے ذریعے حالات کو کشیدہ کرنے میں کردار ادا کیا۔
ان کے بقول بعض عناصر کی سرگرمیوں کے باعث حالات اس نہج تک پہنچ گئے ہیں کہ عام شہری بھی گھر سے باہر نکلتے ہوئے خوف محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں بدامنی اور انتشار پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی کی جائے، ان کے کردار کی شفاف تحقیقات ہوں اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ کے شہریوں کاامن دشمن عناصر کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام امن، تحفظ اور معمولاتِ زندگی کی بحالی چاہتے ہیں۔ ریاست میں قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔



