مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیرجسٹس (ر) مصطفی مغل کی زیر صدارت اعلٰی سطحی اجلاس کا انعقاد۔ اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر حسین گیلانی، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع پونچھ وسدھنوتی کے سیاسی عمائدین ونمائندگان کی جانب سے موصولہ درخواست کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں ضلع پونچھ وسدھنوتی کے 7حلقوں میں امن وامان کی صورتحال کے باعث عام انتخابات کے التواء کے دوران ممکنہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد ان7 حلقوں میں انتخابی عمل کو صاف وشفاف، غیر جانبدارانہ اور تمام امیدواران کو یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے احکامات صادر کر دیئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع پونچھ و سدھنوتی کے 07 حلقہ جات کی حد تک تمام سرکاری ملازمین کے تقرر و تبادلہ جات و آسامیوں کی تخلیق پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوں میں بڑی کمی ، شہریوں کو بڑا ریلیف مل گیا
تاہم ناگزیر صورت میں الیکشن کمیشن کی پیشگی اجازت لازمی ہوگی۔ وزراء کرام یا ممبران اسمبلی سرکاری فنڈز (ترقیاتی فنڈز، زکوٰۃ فنڈز، اوقاف فنڈز، سوشل ایکشن پروگرام فنڈز) بیت المال فنڈز کی تقسیم کسی صورت نہیں کریں گے۔
سرکاری سامان از قسم بجلی کے کھمبے پایانی کے پائپ اور کمرشل وتعمیراتی لکڑی اور جنگل سے درخت وغیرہ کاٹ کر تقسیم نہیں کی جائے گی اور نہ ہی ایسے اختیارات استعمال کیئے جائیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آزاد جموں وکشمیر الیکشن ایکٹ کی دفعہ 116-B کی رو سے ضلع پونچھ وسدھنوتی کی حدود میں ہر قسم کی نئی ترقیاتی سکیموں کے اجراء پر پابندی ہوگی۔
تاہم معمول کے ترقیاتی کام اے ڈی پی منظور شدہ منصوبے متعلقہ محکمہ کے سرکاری ملازمین کے ذریعہ جاری رکھے جائیں لیکن کوئی امیدوار یا اس کا کوئی حامی کسی ترقیاتی منصوبے کا افتتاح نہیں کرے گا
نہ ہی امن وامان کیلئے متعین ملازمین کے علاوہ کوئی سرکاری ملازم ایسے جلسے اور جلسوں میں شرکت کرے گا اور نہ ہی اس مقصد کیلئے کوئی تقریب منعقد کرے گا۔
اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی جلسے جلوسوں میں سرکاری گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی۔ سرکاری ملازمین غیر جانبدار رہیں گے ۔
کسی امیدوار کی حمایت اور مخالفت کے لیئے اثر رسوخ استعمال نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ریاست اپنی رٹ بحال کریگی،کالعدم ایکشن کمیٹی نے زندہ رہنے کیلئے اپنے بندے مروادیئے،مجتبیٰ بٹ
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) مصطفی مغل نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب کیے گئے فیصلوں کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کارروائی ہوگی
سرکاری ملازمین کیخلاف شکایات ملنے پر انتخابی قوانین کے تحت سخت قانونی و تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں ملازم کی فوری معطلی اور امیدوار کی نااہلی بھی شامل ہوگی۔
چیف سیکرٹری آزادکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے احکامات کا اطلاق آج سے ہوگا۔
تمام محکمہ جات کے سربراہان کو ارسال کرتے ہوئے پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کریں تاکہ کوئی بھی محکمہ عذر پیش نہ کرے کہ اُن کو بروقت احکامات موصول نہیں ہوئے۔
اجلاس کے اختتام پر حکومت/ قانون نافذ کرنے والے ادارے جات کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان حلقہ جات میں انتخابات منعقد کرانے کے لیئے حالات ممکنہ بہتر بنائیں تاکہ علاقہ کے عوام کو انتخابات کے انعقاد میں تاخیر سے پیدا ہونے والے بے چینی کا سدباب ہو سکے۔




