میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز کے زیر اہتمام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ پہلی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔
کانفرنس کی اختتامی تقریب میں ممبر کشمیر کونسل آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد سعید نے بطور مہمانِ خصوصی، وائس چانسلر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد اعزازی مہمان نے شرکت کی۔
سابق وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمٰن ستارہ امتیاز، وائس چانسلر و کانفرنس کے چیف پیٹرن پروفیسر ڈاکٹر انجینئر انور خطاب کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیصل ممتاز راٹھور کی آزادکشمیر میں آٹا بحران حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز
ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز ڈاکٹر طاہر اسلم، چیف آرگنائزر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ، قومی و بین الاقوامی جامعات کے ممتاز اسکالرز، ماہرینِ تعلیم، محققین اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
مہمانِ خصوصی ممبر کشمیر کونسل آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے میں امن، رواداری اور مثبت سوچ کے فروغ کے لیے ذرائع ابلاغ کا کردار نہایت اہم ہے۔
میڈیا کو چاہیے کہ وہ اسلامی تعلیمات کے حقیقی پیغام، اتحاد، اخوت کو اجاگر کرتے ہوئے امن و محبت پر مبنی مثبت بیانیے کو فروغ دے۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات انسانیت سے محبت، رواداری، اخوت، باہمی احترام اور امن و آشتی کا درس دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک مہذب، متحد اور پُرامن معاشرے کی تشکیل کیلئے اسلامی اخلاقی اقدار کا فروغ، کردار سازی اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔
مقررین نے کہا کہ معاشرے میں اتحاد، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اسلام سراپا امن ہے، دین اسلام کی راہ پر چل کر معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔
تقریب کے دوران مہمان مقررین اور شرکاء میں اسنادِ شرکت جبکہ مسٹ کے ڈینز اور ڈائریکٹرز کو کانفرنس کے انعقاد میں علمی و انتظامی معاونت کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔
کانفرنس کی اختتامی تقریب کا ایک اہم اور قابلِ ذکر پہلو میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
اس موقع پر دونوں جامعات کے وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر انجینئر انور خطاب اور پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے معاہدے پر دستخط کیے۔
مفاہمتی یادداشت کا مقصد دونوں اداروں کے مابین تحقیقی اشتراک، علمی روابط، مشترکہ تعلیمی سرگرمیوں اور اساتذہ و محققین کے تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔
اس معاہدے کے تحت مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور باہمی تعاون پر مبنی تعلیمی اقدامات کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو دونوں جامعات کے علمی و تحقیقی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے،۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انجینئر انور خطاب نے مہمانِ خصوصی چوہدری محمد سعید اور مہمانِ اعزاز پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔
جبکہ مہمانِ خصوصی نے بھی کانفرنس کے کامیاب انعقاد اور بہترین میزبانی کے اعتراف میں وائس چانسلر مسٹ کو شیلڈ پیش کی۔
انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز کی پیغام سوسائٹی کے طلبہ و طالبات نے معزز مہمانوں کو قرآنِ کریم کی خطاطی سے مزین ایک خوبصورت دست ساز فن پارہ بھی پیش کیا جسے شرکاء نے سراہا۔
کانفرنس اس پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ اسلامی تعلیمات کی حقیقی روح، اخلاقی اقدار، باہمی احترام، رواداری اور علمی مکالمے کو فروغ دے کر ایک پُرامن، متحد اور ہم آہنگ معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکتی ہے۔




