مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) گڑھی دوپٹہ کے شہریوں کیلئے خوش آئند خبر سامنے آگئی، کئی سال سے توجہ کا منتظر گڑھی دوپٹہ پل کی تزئین و آرائش اور مرمت کا کام دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گڑھی دوپٹہ پل طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھا اور اس کی حالت بہتر بنانے کیلئے سابقہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو بارہا توجہ دلائی جاتی رہی لیکن کسی نے دھیان نہیں دیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کا رول ہیلتھ سنٹر گڑھی دوپٹہ کا دورہ،طبی سہولیات فراہمی کی یقین دھانی
سابق وزیر حکومت آزاد کشمیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کے دورِ اقتدار میں بھی میڈیا کے ذریعے پل کی خراب حالت کی نشاندہی کی گئی تھی، جس پر انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مرمت اور دیکھ بھال کے اقدامات کروائے تھے۔
ان کے دور حکومت میں اس وقت پل پر اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی گئی تھیں تاکہ رات کے اوقات میں گزرنے والے شہریوں کو سہولت میسر آسکے اور کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تاہم سابق دور حکومت کے اختتام کے بعد پل کی دیکھ بھال کا سلسلہ متاثر ہوا اور وقت گزرنے کے ساتھ اس کی حالت دوبارہ توجہ طلب ہوگئی۔
مقامی شہریوں کو اُمید تھی کہ متعلقہ حکام اس اہم پل کی مرمت اور خوبصورتی کیلئے اقدامات کریں گے۔اب کافی عرصے بعد پل کی تزئین و آرائش کا کام دوبارہ شروع ہونا ایک مثبت پیشرفت ہے۔
یہ پل علاقے کے شہریوں کی آمدورفت کیلئے اہمیت رکھتا ہے، اس لیے اس کی مناسب دیکھ بھال اور مرمت ناگزیر ہے۔
عوامی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیا جائیگا اور پل کی مستقل دیکھ بھال کا بھی انتظام کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں اسے دوبارہ خستہ حالی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں نئی تحصیل “تحصیل گڑھی دوپٹہ” کے قیام کی منظوری،نوٹیفکیشن جاری
شہریوں کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت سے متعلق ایسے منصوبوں کو مسلسل جاری رکھنا چاہیے تاکہ علاقے میں آمدورفت محفوظ اور آسان بنائی جاسکے۔




