بابر اعظم اب بھی پاکستان کے بہترین کھلاڑی ہیں، محمد یوسف

 لاہور (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز محمد یوسف نے اسٹار بیٹر بابر اعظم کی مسلسل خراب کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی بیٹنگ کی خامیاں دور کرنے کیلئے خصوصی کوچنگ حاصل کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

محمد یوسف کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو انگلینڈ یا آسٹریلیا کی کسی کرکٹ اکیڈمی میں بھیجا جانا چاہیے تاکہ وہ ماہر کوچز کی نگرانی میں اپنی تکنیک بہتر بنا سکیں اور کھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کرسکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:7 برس بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بابر اعظم کی واپسی، پہلے میچ میں ناقص کارکردگی پر شائقین مایوس

حالیہ ون ڈے سہ ملکی سیریز بابر اعظم کیلئے مایوس کن رہی، جہاں پانچ میچز میں وہ 23.60 کی اوسط سے مجموعی طور پر 118 رنز بنا سکے اور کوئی نصف سنچری بھی اسکور نہ کرسکے۔

 ان کے انفرادی اسکور 45، 34، 10 اور 29 رہے، جبکہ فائنل میں سری لنکا کے خلاف وہ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

محمد یوسف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ بابر اعظم کو اس وقت تک فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے جب تک وہ خصوصی کوچنگ کے ذریعے اپنی تکنیکی خامیوں پر قابو نہیں پالیتے۔

ان کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل مشکلات بابر کے اعتماد اور کیریئر کو مزید متاثر کرسکتی ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی، محمد یوسف کوچز پر برہم، کھیل کیلئے زہر قرار دے دیا

انہوں نے زور دیا کہ بابر اب بھی پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور مناسب رہنمائی کے ساتھ دوبارہ بہترین فارم میں واپس آسکتے ہیں۔

چار سال پہلے بھی یہی مشورہ دیا تھا
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ وہ یہ مشورہ چار سال قبل بھی دے چکے ہیں، لیکن اس وقت ان کی بات پر توجہ نہیں دی گئی تھی۔ انہوں نے اپیل کی کہ اب ان کے مشورے کو سنجیدگی سے لیا جائے تاکہ بابر اعظم اپنی صلاحیتوں کے مطابق دوبارہ کارکردگی دکھا سکیں۔