مظفرآباد میں نئی تحصیل “تحصیل گڑھی دوپٹہ” کے قیام کی منظوری،نوٹیفکیشن جاری

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے بورڈ آف ریونیو نے دارالحکومت مظفرآباد کے شہریوں کے لیے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سب ڈویژن مظفرآباد میں نئی تحصیل کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

بورڈ آف ریونیو کی جانب سے “تحصیل گڑھی دوپٹہ” کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس سے علاقے میں انتظامی امور کی انجام دہی اور عوامی مسائل کے حل میں بڑی سہولت پیدا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ مالیات نے گڑھی دوپٹہ کو تحصیل کا درجہ دینے کی مالیاتی منظوری دے دی

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، نئی قائم کردہ “تحصیل گڑھی دوپٹہ” مظفرآباد کے مجموعی طور پر نو پٹوار حلقوں پر مشتمل ہوگی۔ ان حدود میں پٹوار حلقہ لنگرپورہ، ٹھوٹھہ، لواسی، ہٹیاں دوپٹہ، کائی منجہ، دچھور میراں، گڑھی دوپٹہ، کومی کوٹ اور جھنڈگراں شامل کیے گئے ہیں۔ بورڈ آف ریونیو کے اس اقدام کے بعد اب ان تمام علاقوں کا انتظامی کنٹرول نئی تحصیل کے سپرد ہوگا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گڑھی دوپٹہ کو تحصیل کا درجہ ملنے سے مقامی آبادی کو اب ریونیو اور دیگر انتظامی معاملات کے لیے دور دراز کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے، بلکہ تمام بنیادی سہولیات اب ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔ مقتدر حلقوں اور عوامی رہنماؤں کی جانب سے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے اور اسے علاقے کی ترقی کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا گڑھی دوپٹہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان