راناثنا نے پاکستان میں مہنگائی کا ذمہ دار ٹرمپ کو قرار دے دیا

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے ملک میں مہنگائی کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قرار د ے دیا۔عالمی سطح پر جاری کشیدگی اور ایران امریکہ جنگ کے اثرات پاکستانی معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عوام کا مہنگائی پر شکوہ درست ہے تاہم موجودہ حالات میں اس کی ذمہ دار حکومت نہیں بلکہ امریکی صدر ٹرمپ ہو سکتے ہیں، جنہوں نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کا آغاز کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ریاست کو یرغمال بنا کر مطالبات نہیں منوائے جاسکتے : رانا ثناء اللہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک سے جنگ روکنے کی اپیل کی ہے۔ ایران  امریکہ میں کشیدگی ختم کرانے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے عالمی سطح پر ملک کی اہمیت اور عزت میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اورایران کی جنگ بندی سے پاکستان کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا اور عوام کو ریلیف ملنے کا واضح امکان ہے۔

رانا ثنا ءاللہ کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث قطر سے گیس کی ترسیل متاثر ہوئی ہے جبکہ جنگ ختم ہونے کی صورت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی آ سکتی ہے۔

انہوں نے ایران امریکہ تنازع ختم کرانے کیلئے فیلڈ مارشل و چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر کی کوششوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائیوں سے دہشت گردی کیخلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی آئندہ چند ہفتوں کے دوران دہشتگردی کے خاتمے کی اُمید ظاہر کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کسی بھی انتشاری ٹولے کا اسلام آباد کی حدود میں داخلہ بند ہے : رانا ثناء اللہ

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں امن و امان قائم رکھنا اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔