پاکستان ہے تو کشمیر کی اُمید زندہ ہے، سید جی ایم  بخاری

وادی لیپہ (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں زیرو لائن سے سید جی ایم بخاری نے مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے عوام کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا ہے۔ 

انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اتحاد برقرار رکھیں اور خطے کی موجودہ صورتحال کو سمجھتے ہوئے اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے غور کریں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سید جی ایم بخاری کا جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وادی لیپہ میں مسائل پر عملی اقدام کا مطالبہ

اپنے پیغام میں جی ایم بخاری نے مقبوضہ کشمیر کے سینئر رہنما فاروق عبداللہ کے حالیہ بیان کا حوالہ د یتے ہوئے کہا کہ فاروق عبداللہ نے دہلی کے ساتھ طویل سیاسی وابستگی کے بعد مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا ہے۔

سید جی ایم بخاری نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں کی حمایت کا مؤقف اختیار کر رکھا ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر میں جاری احتجاج، ہڑتالوں اور سڑکوں کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کے ممکنہ اثرات پر غور کرنا ضروری ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران پیدا ہونے والی مشکلات سے خطے کے عوام کی روزمرہ زندگی متاثر ہوتی ہے، اس لیے معاملات کو سمجھ داری اور باہمی مشاورت سے آگے بڑھانا چاہیے۔

 سیدجی ایم بخاری نے 1947 کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آزاد فضا میں زندگی گزارنے کی نعمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی تاریخ، قربانیوں اور موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں کشمیریوں کو مختلف پابندیوں اور سخت حالات کا سامنا ہے، حتیٰ کہ شہداء کی تدفین اور فاتحہ خوانی جیسے معاملات میں بھی مشکلات پیش آنے کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کو مدنظر رکھیں اور خطے کے مستقبل کے حوالے سے اپنے فیصلوں میں اتحاد اور ذمہ داری کو ترجیح دیں۔

سید جیم بخاری نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اٹھاتا اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا آیا ہے۔

 انہوں نے اس مؤقف پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرنا اور کشمیریوں کے حقوق کی حمایت جاری رکھنا اہم ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شاردہ، کیل اور گریس ویلی میں ریسکیو 1122 کے قیام کی تیاریاں

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کشمیری عوام سے متحد رہنے اور پاکستان کے ساتھ وابستگی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔