مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز2026کے شیڈول کا باضابطہ اعلان

  دوحہ (کشمیر ڈیجیٹل) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز چیمپئن شپ 2026 کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

 ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلا جائے گا، جس میں ایشیا کی آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے  میدان میں اُتریں گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میسی نے پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈ جیت لیا

11 روزہ ایونٹ کے لیے شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ تمام میچز دو مختلف کرکٹ گراؤنڈز پر منعقد ہوں گے۔

دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز کو گروپ اے میں روایتی حریف بھارت اے، نیپال اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

گروپ بی میں سری لنکا اے، بنگلہ دیش اے، افغانستان اے اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

چیمپئن شپ کا آغاز 19 نومبر کو ہوگا، افتتاحی روز بنگلہ دیش اے اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں یونیورسٹی آف دوحہ فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل ہوں گی .

اسی روز سری لنکا اے اور افغانستان اے کے درمیان مقابلہ ویسٹ اینڈ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان شاہینز اپنی ٹائٹل مہم کا آغاز 20 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے کرے گی۔

 دوسری جانب بھارت اے کی ٹیم 21 نومبر کو نیپال کے خلاف میدان میں اترے گی۔

شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بننے والا پاکستان اور بھارت اے کا مقابلہ 22 نومبر کو دوحہ کے ویسٹ اینڈ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

دونوں روایتی حریفوں کے درمیان یہ میچ گروپ مرحلے کے اہم مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔پاکستان شاہینز 24 نومبر کو نیپال کیخلاف میچ کھیل کر گروپ مرحلے میں اپنے سفر کا اختتام کرے گی۔

اسی روز بھارت اے اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق دونوں گروپس کی سرفہرست دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

 پہلا سیمی فائنل 26 نومبر کو گروپ اے کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم اور گروپ بی کی رنر اپ ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 27 نومبر کو ہوگا۔

چیمپئن شپ کا فائنل 29 نومبر کو ویسٹ اینڈ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جہاں دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں ٹائٹل  کیلئےمقابلہ کریں گی۔

پاکستان شاہینز دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کرکٹ لیگ کی تیاریاں، قومی کرکٹرز کو مدعو کرنے کا فیصلہ

 ٹیم کی کوشش ہوگی کہ نوجوان ایشیائی کرکٹرز پر مشتمل مضبوط حریفوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرے۔