آزاد کشمیر کرکٹ لیگ کی تیاریاں، قومی کرکٹرز کو مدعو کرنے کا فیصلہ

کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر برائے کھیل، امور نوجوانان، صنعت، معدنی وسائل و سیاحت چوہدری عبدالرحمن نے اعلان کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں جلد کرکٹ لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔

جس میں ریاستی اور  قومی سطح کے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا، لیگ کا فائنل مظفرآباد میں منعقد ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع ملیں گے اور روزگار کے نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔

حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ آزاد کشمیر کے باصلاحیت کھلاڑی قومی ٹیموں میں جگہ بنا سکیں۔

وہ آزاد جموں و کشمیر حکومت کے 79ویں یومِ تاسیس کے موقع پر سردار سکندر حیات اسٹیڈیم کوٹلی میں منعقدہ کرکٹ میچ کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ 

اس موقع پر وزیر مال، بحالیات و بورڈ آف ریونیو راجہ محمد ریاست خان بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔ یومِ تاسیس کی تقریبات کے سلسلے میں چنار کرکٹ کلب اور منیل سٹارز کے درمیان میچ کا اہتمام کیا گیا۔

اس  کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، صحت مند سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور یومِ تاسیس کی خوشیوں میں نوجوانوں کو شریک کرنا تھا۔

 وزیرحکومت  چوہدری عبدالرحمن نے کہا کہ کھیل محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ نظم و ضبط، جسمانی و ذہنی صحت، برداشت، ٹیم ورک اور مضبوط کردار کی تشکیل کا اہم وسیلہ ہیں۔

 کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و ریاست کی نمائندگی کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کرکٹ لیگ کے انعقاد کا مقصد مقامی کھلاڑیوں کو قومی سطح کے کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

 اس لیگ سے ریاست میں کرکٹ کو فروغ ملے گا، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور کھیلوں کے شعبے میں نئی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔

 لیگ کے فائنل کی مظفرآباد میں میزبانی سے دارالحکومت میں بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

چوہدری عبدالرحمن نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے متعلق سرگرمیاں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔

 کرکٹ جیسے مقبول کھیل کے انعقاد سے کھلاڑیوں کے علاوہ کھیلوں سے وابستہ دیگر شعبوں میں بھی سرگرمیوں کو وسعت ملتی ہے۔ 

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے لیے مناسب میدان، تربیتی سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آگے بڑھ سکیں۔

اس موقع پر وزیر مال، بحالیات و بورڈ آف ریونیو راجہ محمد ریاست خان نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں تو معاشرہ صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب گامزن ہوتا ہے۔ 

کھیل نوجوانوں کو جسمانی طور پر صحت مند رکھنے کے ساتھ انہیں معاشرتی برائیوں سے دور رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

 ان کے بقول، جب کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں تو اسپتال ویران ہوتے ہیں۔

راجہ محمد ریاست خان نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے معاشرے میں باہمی محبت، رواداری، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ 

کھیل برادری ازم اور دیگر سماجی تقسیم سے بالاتر ہو کر لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتے ہیں، جہاں نوجوان ایک دوسرے کے ساتھ تعاون، برداشت اور احترام کا عملی مظاہرہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تاسیس کے موقع پر کرکٹ میچ کا انعقاد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں شریک کرنے اور ریاست کے تاریخی دن کو جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی ایک مثبت کاوش ہے۔

 ایسی سرگرمیوں سے نوجوان نسل میں کھیلوں کا شوق بڑھتا ہے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر مواقع میسر آتے ہیں۔

یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ اس کرکٹ میچ نے کوٹلی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے عزم کو اجاگر کیا۔

 وزراء حکومت نے اس امید کا اظہار کیا کہ مجوزہ آزاد کشمیر کرکٹ لیگ ریاست میں کرکٹ کے فروغ، باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے مثبت ماحول کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔