انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے، سہ ملکی سیریز میں مسلسل 2 کامیابیوں کے بعد پاکستان ٹیم ون ڈے رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئی جبکہ پلیئرز رینکنگ میں بھی قومی کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں تبدیلی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق پاکستان نے ون ڈے ٹیموں کی فہرست میں آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ بھارت پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے اور جنوبی افریقا تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 رینکنگ، معاذ صداقت اور سلمان مرزا کی بڑی چھلانگ
پاکستان کے ریٹنگ پوائنٹس 103 ہوگئے ہیں جب کہ جنوبی افریقا 104 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور نیوزی لینڈ 109 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ آسٹریلیا پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔
ون ڈے پلیئرز رینکنگ،سلمان علی آغا کی ترقی
آئی سی سی کی نئی ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں پاکستان کے بلے باز بابراعظم نے ساتویں پوزیشن برقرار رکھی ہے جب کہ سلمان علی آغا ایک درجے ترقی کے بعد بارہویں نمبر پر آگئے ہیں، انگلینڈ کے بین ڈکٹ بھی دو درجے ترقی کے بعد تیرہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔ پاکستان کے اسپنر ابرار احمد دوسرے اور جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی 8 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف دو درجے بہتری کے بعد مشترکہ طور پر 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ نسیم شاہ نے 4 درجے ترقی کرتے ہوئے 45 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
بنگلہ دیش کے شریف الاسلام 2 درجے ترقی کے بعد 11 ویں اور تسکین احمد 9 درجے بہتری کے بعد 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
راشد خان نے زمبابوے کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سہ ملکی سیریز کے دوران 17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد ان کے ریٹنگ پوائنٹس 714 سے بڑھ کر 742 ہوگئے۔ دوسرے نمبر پر موجود ابرار احمد کے ساتھ ان کا فرق 80 پوائنٹس تک پہنچ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:افغانستان اور زمبابوے کے مابین میچ میں کلین بولڈ بیٹر آؤٹ کیوں نہ قرار نہ پایا؟
راشد خان ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھی 2 درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ افغانستان کے بلے باز صدیق اللہ اٹل نے بھی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں نمایاں ترقی کی ہے۔
زمبابوے کے خلاف ابوظہبی میں 110 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہ 32ویں نمبر سے ترقی کرکے 20 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ ان کی سنچری کی بدولت افغانستان نے زمبابوے کو 158 رنز سے شکست دی تھی۔
اس کے علاوہ پاکستان کے عرفات منہاس نے ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں 89 درجے کی بڑی چھلانگ لگائی ہے۔
ٹی 20 پلیئرز رینکنگ
آئی سی سی کی ٹی 20 پلیئرز رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی پوزیشنز برقرار رکھی ہیں۔ بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے ایشان کشن پہلے اور ابھیشیک شرما دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان کے ابرار احمد چوتھے نمبر پر برقرار ہیں۔
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان حال ہی میں ختم ہونے والی 5 میچوں کی ٹی 20 سیریز کے بعد بھی رینکنگ میں تبدیلیاں ہوئی ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان شائے ہوپ 2 درجے ترقی کے بعد ٹی 20 بیٹرز میں 9 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ شیرفین ردرفورڈ 6 درجے بہتری کے بعد 18 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے لیفٹ آرم اسپنر گڈاکیش موتی نے ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں 10 درجے ترقی کی ہے اور وہ اب 26 ویں نمبر پر موجود ہیں۔




