وزیراعظم کے اعلان پر عملدرآمد،مظفرآباد اور جہلم ویلی میں موبائل انٹرنیٹ سروس بحال

مظفرآباد: وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کے اعلان پر فوری عملدرآمد کر دیا گیا، ریاستی دارالحکومت مظفرآباد اور ضلع جہلم ویلی میں موبائل فونزپر انٹرنیٹ سروس بحال ہو گئی ہے جس کے بعد صارفین کو موبائل انٹرنیٹ کی سہولت دوبارہ میسر آنا شروع ہو گئی ہے۔

انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے شہریوں کو آن لائن رابطوں، سوشل میڈیا کے استعمال، معلومات کے تبادلے اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی میں آسانی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں انٹرنیٹ بحالی سے متعلق وزیراعظم افتخار گیلانی کا بڑا اعلان

موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے طلبہ، صحافیوں، تاجروں، فری لانسرز اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کو اپنے روزمرہ امور انجام دینے میں سہولت ملے گی تاہم، سروس کی بحالی کے حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ اعلامیے اور مزید تفصیلات کی تصدیق سامنے آنا باقی ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مظفرآباد میں آئندہ 48 گھنٹوں میں موبائل انٹرنیٹ بحال کرنے کا اعلان کر کیا تھا،اس سے قبل دارالحکومت مظفرآباد میں صارفین کو ڈی ایس ایل سروس دستیاب تھی۔

یہ بھی پڑھیں:بہتر کالنگ اور انٹرنیٹ سروس کیلئے ان ہدایات پر عمل کریں 

 ریاست کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس 05 اور 06 جون کی درمیانی شب معطل کی گئی تھی۔یوں تقریباً ساڑھے 4 ماہ بعد موبائل پر انٹرنیٹ سروس بحال کی گئی ہے۔

 دارالحکومت مظفرآباد کے شہری ڈی ایس ایل سروس کھلنے کے بعد سے مطالبہ کر رہے تھے حالات معمول ہونے کے باعث دارالحکومت مظفرآباد میں موبائل انٹرنیٹ بحال کیا جائے۔

وزیراعظم کے اعلان پر اس سے قبل نیلم ویلی، میرپور، کوٹلی میں انٹرنیٹ سروس بحال کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انٹرنیٹ سروس کی بحالی پرشہریوں کا اظہارِ تشکر اور باقی سروسز فوری بحال کرنے کا مطالبہ

حکومت کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی کہ انٹرنیٹ سروس کے استعمال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔