بہتر کالنگ اور انٹرنیٹ سروس کیلئے ان ہدایات پر عمل کریں

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو بہتر کالنگ اور انٹرنیٹ سروس کیلئے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پی ٹی اے کی ہدایات

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق صارفین کو موبائل فون کی درست نیٹ ورک سیٹنگز اور جدید ٹیکنالوجیز وائس اوور ایل ٹی ای (VoLTE)، وائی فائی کالنگ اور وی او وائی فائی (VoWiFi) کے مؤثر استعمال سے متعلق آگاہ کیا جا رہا ہے۔

کالنگ کا مسئلہ

بیان میں کہا گیا کہ اگر دورانِ کال آواز واضح نہ ہو یا فور جی نیٹ ورک پر کال ملنے میں تاخیر ہو تو صارفین اپنے موبائل فون کی نیٹ ورک سیٹنگز چیک کریں اور 4G/LTE کا آپشن فعال کریں۔

فور جی کی شرط

پی ٹی اے کے مطابق فور جی سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ موبائل فون اور سم دونوں فور جی ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرتے ہوں۔

VoLTE کے فوائد

اتھارٹی نے بتایا کہ VoLTE کے ذریعے فور جی نیٹ ورک پر وائس کال کی جا سکتی ہے، جس سے آواز کا معیار بہتر ہونے اور کال جلد ملنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے لیے فون، سم اور موبائل آپریٹر کا اس سہولت کو سپورٹ کرنا ضروری ہے۔

وائی فائی کالنگ

پی ٹی اے کے مطابق وائی فائی کالنگ اور VoWiFi کمزور موبائل سگنلز والے مقامات، مثلاً گھروں کے اندر اور تہہ خانوں میں، کال کرنے کے لیے مفید ہیں۔ اس سہولت کے لیے فون کو وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک کرنا ضروری ہے۔

سیٹنگز فعال کریں

اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی کہ وہ موبائل فون کی سیٹنگز میں VoLTE اور Wi-Fi Calling کے آپشنز دستیاب ہونے کی صورت میں فعال کریں۔

آپریٹر سے رابطہ

پی ٹی اے نے کہا کہ ان سہولیات کی دستیابی اور استعمال سے متعلق مزید معلومات کے لیے صارفین اپنے متعلقہ موبائل آپریٹر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں :پی ٹی اے کا اونک کے تمام آپریشنز اور سروس فوری بند کرنے کا حکم