سپیکر چوہدری طارق فاروق کا ایل او سی کے بہادر عوام کو سلام پیش

 سماہنی (کشمیر ڈیجیٹل) سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریبی علاقوں میں رہنے والے بہادر عوام کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں ۔ وہ سماہنی کے علاقے کہاولیاں میں کمشنر کیڈر سے ریٹائر ہونے والے قیصر اورنگزیب کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

 اس موقع پر انہوں نے ایل او سی کے قریب آباد عوام کی جرأت اور استقامت کو سلام پیش کیا۔ طارق فاروق نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کا سلسلہ بلاامتیاز جاری رکھے گی اورعوامی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کئے جاتے رہیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چوہدری طارق فاروق کی چیف الیکشن کمشنر سے اپیل، ترقیاتی فنڈز کے انتخابی استعمال کا نوٹس لینے کا مطالبہ

سپیکر اسمبلی نے قیامِ پاکستان کے دوران قربانیاں دینے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کیلئے قربانیاں دینے والے عظیم لوگ آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہجرت کے دکھ اور تکلیف کو وہی لوگ حقیقی طور پر سمجھ سکتے ہیں جنہوں نے خود یہ کٹھن مرحلہ برداشت کیا ہو۔

انہوں نے قومی اتحاد، اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو متحد ہو کر ریاست کی خدمت کرنی چاہیے تاکہ ملک و خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جا سکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آئینی قدغن سے آزاد،ریاستی ڈھانچہ کمزور کررہے ہیں ، چوہدری طارق فاروق انوارالحق پر برس پڑے

تقریب کے اختتام پر چوہدری طارق فاروق نے ریٹائر ہونے والے قیصر اورنگزیب کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی آئندہ زندگی کیلئے صحت، خوشی اور کامیابی کی دعا کی۔