کشمیر ہائوس میں بے ضابطگیاں، سب انجینئر کی تنخواہ بند ، جواب طلبی

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ آزاد کشمیر سردار میر اکبر خان نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد کے انتظامی معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے بے ضابطگیوں پر بڑا ایکشن لے لیا۔

بلاک سی کے کیئر ٹیکر صداقت عباسی کو محکمہ سروسز میں ان کی اصل جائے تعیناتی پر واپس بھیجنے کے بعد کشمیر ہاؤس کے سپروائزر کو الاٹ شدہ رہائش ڈاکٹر توصیف سے خالی کرانے کا حکم ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اقبال آفریدی بھی اچانک روپوش،احتساب کے خوف سے روپوشی اختیار کر لی

وزیرحکومت نے سب انجینئر عبد القدوس کو اپنی اصل جائے تعیناتی پر حاضر ہونے کا حکم دیدیا۔ سب انجینئر کی تنخواہ بند کرنے اور ان سے جواب طلبی کی بھی ہدایت کردی۔

جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں سردار میر اکبر خان کی زیر صدارت اجلاس میں انتظامی امور، بجٹ، آمدن، مرمتی کاموں، ملازمین کی تعیناتی اور رہائش گاہوں کے کرایوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ تقریباً دس سال سے سالانہ بجٹ میں اضافہ نہیں ہوا، جبکہ مہنگائی کے باعث اخراجات میں تقریباً 400 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر بجٹ میں اضافے اور کشمیر ہاؤس کی تزئین و مرمت کے لیے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں افسران کی رہائش گاہوں کے کرایوں، کمروں کے کرایوں اور کھانے کے بقایا جات کی وصولی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شہرام خان ترکئی بھی منظرِ عام سے غائب، اغواء کا ڈرامہ بے نقاب

کمرے خالی کرتے وقت چابیاں انتظامیہ کے حوالے کرنے اور ریسٹ ہاؤس کی بکنگ مقررہ پالیسی کے مطابق کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ نے ریسٹ ہاؤس سے باہر دیگر دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو فوری طور پر واپس بلانے کا حکم دیدیا۔

وزیر حکومت نے بلاک سی کو فعال رکھنے، کچن کے ٹینڈر کیلئے مارکیٹ سروے کرانے اور صفائی ستھرائی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں تمام بلاکس میں انٹرنیٹ سروس کیلئے تخمینہ تیار کرنے، پانی کے سروے کیلئے آزاد کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ ارضیات کی ٹیم بلانے اور مرکزی گیٹ کی تبدیلی کیلئے بھی ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سردار میر اکبر خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انتظامی امور میں شفافیت، آمدن میں اضافے اور مرمتی کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے اجلاس کے فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔