ڈپٹی کمشنر بھمبر فیصل مغل محکمہ مال آفس پہنچ گئے، ریکارڈ کی پڑتال، اہم ہدایات جاری

بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل)ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار فیصل مغل کا پرانی کچہری تحصیل آفس کا دورہ ، سرکاری ریکارڈ کی پڑتال، صفائی ستھرائی، حاضری اور عوامی سہولیات کی بہتری کیلئے ضروری ہدایات جاری۔

ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار فیصل مغل نے پرانی کچہری میں واقع تحصیل آفس کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ سرکاری ریکارڈ کی پڑتال کی۔

اس موقع پر تحصیلدار فضل کریم نے ڈپٹی کمشنر کو دفتری امور، ریکارڈ کی موجودہ صورت حال اور محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے دفتر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات، افسران و عملے کی حاضری، سرکاری امور کی انجام دہی اور سائلین کے ساتھ برتاؤ کا جائزہ لیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مانک پیاں: شرپسندوں نے پائپ لائن کو آگ لگادی، شہری آگ بجھانے میں ناکام

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عوام کو سرکاری دفاتر میں باعزت، خوش اخلاق اور سہل انداز میں خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور دفتری امور کو قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت نمٹایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر سردار فیصل مغل نے سرکاری ریکارڈ کی حفاظت، مناسب ترتیب، بروقت تکمیل اور جدید تقاضوں کے مطابق ریکارڈ کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے تحصیل آفس کی عمارت کی بہتری، صفائی ستھرائی کے تسلسل اور دفتری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم:ٹراؤٹ مچھلی کے شکارکیلئے روزانہ کی بنیاد پر لائسنس کا اجرا شروع

انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر عوام کی خدمت کے مراکز ہیں، جہاں نظم و ضبط، شفافیت، ذمہ داری اور عوام دوست طرزِ عمل کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

تمام افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں تاکہ شہریوں کو ریونیو اور دیگر سرکاری امور کے سلسلے میں بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔