ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل/عمر بھٹی راجپوت) مسلح افواج پاکستان کی جانب سے یونین کونسل چناری اور گردونواح کیلئے تعلیمی میدان میں اہم اور قابلِ تحسین اقدام اٹھا لیا۔
لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز مرزا نے چناری کے قریب ساون کے مقام پر آرمی پبلک سکول کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی عفت اعظم، متعلقہ سول و عسکری حکام، علاقے کے عمائدین اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آرمی پبلک سکول ساون کے قیام سے چناری سمیت سات یونین کونسلوں کے طلبہ و طالبات کو معیاری اور جدید تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔
بالخصوص دور دراز علاقوں کے بچوں کو اپنے گھروں کے قریب بہتر تعلیمی ماحول دستیاب ہوگا، جس سے معیاری تعلیم کے حصول کے لیے انہیں دور دراز علاقوں کا رخ کرنے کی مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: ناپ تول میں کمی کی شکایات،پولیس کا کریک ڈاؤن،تاجر گرفتار
افتتاحی تقریب کے موقع پر اے پی ایس ساون کے پرنسپل کی جانب سے ادارے میں دستیاب تعلیمی سہولیات، تعلیمی سرگرمیوں اور ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک سکول کا قیام علاقے کے مستقبل کے معماروں کی علمی، اخلاقی اور فکری تربیت میں اہم کردار ادا کرے گا اور نئی نسل کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
علاقہ مکینوں نے آرمی پبلک سکول ساون کے قیام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز مرزا اور مسلح افواج پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین اور سلام پیش کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میئر میرپور کی کوششیں رنگ لے آئیں، کونسلر عبدالرزاق اور اسٹیٹ آفیسر کے درمیان تنازع حل
عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں یہ اقدام علاقے کے روشن مستقبل کی بنیاد مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔
مقامی افراد نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دیا ہے، تاہم چناری اور گردونواح کے عوام کیلئے آرمی پبلک سکول ساون کا قیام ایک ایسا تحفہ ہے جس کے ثمرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے۔
والدین اور مقامی لوگوں کے مطابق اس تعلیمی ادارے کے قیام سے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں سہولت ملے گی جبکہ والدین کو بھی اپنے بچوں کے بہتر تعلیمی مستقبل کے حوالے سے اطمینان حاصل ہوگا۔
عوامی حلقوں نے آرمی پبلک سکول ساون کے قیام کو علاقے میں تعلیمی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے پاک فوج اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام پر مبارکباد، سلام اور خراجِ تحسین پیش کیا۔




