جنوبی افریقا کے نوجوان اوپنر لوہان ڈرے پریٹوریئس نے مینز ٹی20 کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
20 سالہ لوہان ڈرے پریٹوریئس نے جنوبی افریقا کے ڈومیسٹک ٹی20 ٹورنامنٹ سی ایس اے ٹی20 چیلنج میں ٹائٹنز کی نمائندگی کرتے ہوئے نائٹس کے خلاف دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر نے صرف 79 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 188 رنز اسکور کئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان بھارت فائنل پر بارش کا خطرہ، گولڈ میڈل سے متعلق بڑا فیصلہ
پریٹوریئس کی اننگز میں 15 چوکے اور 13 چھکے شامل تھے۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ نے ٹائٹنز کو مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز کے بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس شاندار اننگز کے ساتھ ہی پریٹوریئس نے ویسٹ انڈیز کے سابق جارح مزاج بیٹر کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا۔ گیل نے 2013 میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران رائل چیلنجرز بنگلورو کی جانب سے پونے واریئرز کے خلاف 66 گیندوں پر ناقابلِ شکست 175 رنز بنائے تھے جو طویل عرصے تک مینز ٹی20 کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ رہا۔
پریٹوریئس اپنی اننگز کے دوران ٹی20 کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بننے کے قریب بھی پہنچ گئے تھے، تاہم وہ 188 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور 200 رنز کا سنگِ میل عبور نہ کر سکے۔
مینز ٹی20 کرکٹ کی بڑی انفرادی اننگز میں اب لوہان ڈرے پریٹوریئس 188 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ کرس گیل 175 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے ایرون فنچ 172 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ماضی میں مجھے بھی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا،یونس خان
پریٹوریئس کی یہ اننگز نہ صرف ان کے کیریئر کی یادگار کارکردگی بن گئی بلکہ اس نے انہیں عالمی ٹی20 کرکٹ میں بھی نمایاں مقام دلا دیا ہے۔




