ورلڈ بینک

ورلڈ بینک نے سری لنکا میں متاثرہ سڑکوں کیلئے 11 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی

ورلڈ بینک نے سری لنکا میں سمندری طوفان ’’ڈٹوا‘‘ سے شدید متاثرہ 600 کلومیٹر سڑکوں کی مرمت اور ازسرنو تعمیر کے لیے 11 کروڑ امریکی ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ورلڈ بینک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس رقم کے تحت ان سڑکوں کی بحالی کو ترجیح دی جائے گی جو طوفان سے متاثرہ علاقوں میں مارکیٹوں، اسکولوں اور صحت کے مراکز تک رسائی بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

تعمیر نو میں جدید اقدامات شامل ہوں گے

ورلڈ بینک کے مطابق سڑکوں کی تعمیر نو کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ منصوبے میں بہتر نکاسی آب، لینڈ سلائیڈنگ سے تحفظ اور شدید موسمی حالات برداشت کرنے والے جدید انجینئرنگ معیار شامل کیے جائیں گے۔

منصوبے کی مدت میں 3 سال کی توسیع

نئی مالی معاونت کے نتیجے میں ’’انکلوسیو کنیکٹیویٹی اینڈ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ‘‘ کی مدت میں مزید تین سال کی توسیع ہوگی۔

اس توسیع کے بعد سری لنکا کے ٹرانسپورٹ رابطوں میں ورلڈ بینک کی مجموعی سرمایہ کاری 61 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

20 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچنے کی توقع

ورلڈ بینک کے مطابق اس سرمایہ کاری سے براہ راست 8 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے، جبکہ 8 اضلاع میں تقریباً 20 لاکھ افراد تک اس منصوبے کے فوائد پہنچنے کی توقع ہے۔

ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی

تعمیر نو اور سڑکوں کی دیکھ بھال کے شعبے میں تقریباً 5,671 نئی یا بہتر ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ تقریباً 22 ہزار چائے، سبزی اور دھان کے کاشتکاروں کو خریداروں اور سپلائی چینز سے دوبارہ منسلک ہونے میں مدد ملے گی۔

طوفان سے 4.1 ارب ڈالر کا نقصان

سمندری طوفان ’’ڈٹوا‘‘ نے نومبر 2025 میں سری لنکا کو متاثر کیا تھا، جس کے نتیجے میں تقریباً 4.1 ارب ڈالر کا نقصان ہوا اور ملک کے تمام 25 اضلاع میں تقریباً 20 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔

ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید متاثر

طوفان سے سری لنکا کا ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر بھی شدید متاثر ہوا۔ متاثرہ ڈھانچے میں تقریباً 2 ہزار کلومیٹر صوبائی سڑکیں، 3,500 کلومیٹر سے زائد دیہی سڑکیں اور تقریباً 700 پل شامل ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ورلڈ بینک کا اعلان، پاکستان کو تعلیم کے لیے 47.9 ملین ڈالر گرانٹ کا اعلان

رپورٹس کے مطابق ٹرانسپورٹ کے شعبے کی بحالی کے لیے مجموعی ضروریات کا تخمینہ تقریباً 1.31 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔