جہلم ویلی: پی ٹی آئی کے ضلعی صدر صاحبزادہ عمران پذیر کا ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان

تحریک انصاف ضلع جہلم ویلی کے صدر صاحبزادہ عمران پذیر نے ایک ویڈیو بیان میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے باضابطہ طور پر لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے اپنا مؤقف تفصیل سے واضح کر دیا ہے۔

صاحبزادہ عمران پذیر نے کہا کہ ماضی میں سیاسی طور پر آج سے سال ڈیڑھ سال پہلے ہمارا جو تعلق ایکشن کمیٹی سے رہا اور ہم نے جس وقت اس کے پروگرام اٹینڈ کیے، وہ صرف اس وجہ سے تھا کہ اس وقت ہمیں یہ معلوم تھا کہ یہ عوامی ایکشن کمیٹی عوام کے حقوق کی بات کر رہی ہے، آٹا، بجلی اور گیس جیسی اشیاء سستی کروا رہی ہے تاکہ عوام کو فائدہ ہو۔ بحیثیت سیاسی کارکن ہم نے عوامی فلاح کی حد تک اس کو سپورٹ کیا تھا۔

اسٹیٹ مخالف سرگرمیوں سے لاتعلقی:

انہوں نے مزید کہا کہ لیکن جب سے ہمیں یہ معلوم ہوا کہ یہ تنظیم اسٹیٹ کے خلاف ہے، حکومتِ آزاد کشمیر، حکومتِ پاکستان یا ملکی سلامتی اور وفاق کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہے، تو اس کے بعد سے ہم کافی عرصہ سے اس سے دور بھی ہیں اور اب باقاعدہ طور پر اس سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پلندری کے عوام کالعدم ایکشن کمیٹی کیخلاف سڑکوں پر آگئے، امن کی خواہش کا اظہار، پاک فوج کے حق میں نعرے

صاحبزادہ عمران پذیر کا کہنا تھا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان ہماری امیدوں کا مرکز ہے اور پاکستان ہمارے بڑے بھائی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ ہم افواجِ پاکستان کی دل سے قدر کرتے ہیں، ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

نوجوانوں کے لیے پیغام اور عزمِ نو:

انہوں نے تمام نوجوانوں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی ایسی تنظیم کا حصہ نہ بنیں جو ملکی وفاق، اسٹیٹ یا خدانخواستہ ملکی سلامتی کے خلاف ہو۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ ہمیشہ اپنے ملک کی سلامتی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں جو ہماری آزادی اور امیدوں کی ضامن ہیں۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں دہرایا کہ وہ کسی بھی ایسی تنظیم کا حصہ نہیں بننا چاہتے جو ملکی سلامتی یا ملکی پالیسیوں کے خلاف ہو۔

مزید پڑھیں: ڈڈیال: سرکاری رقبے پر غیر قانونی تعمیرات اور ریاست مخالف سرگرمیوں کے خلاف کارروائی