انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 اکتوبر تک توسیع

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے اور مقررہ وقت تک گوشوارے جمع نہ کرانے پر بھاری جرمانوں کا انتباہ جاری کیا ہے۔

ایف بی آر کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے اب 15 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ ،فی کلو 20روپے68پیسے مہنگی

واضح رہے کہ اس سے قبل انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی تاہم ایف بی آر نے لوگوں کی سہولت کے لیے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید 15 دن کی توسیع کر دی ہے۔

ایف بی آرکا کہنا ہے کہ ٹیکس دہندگان آخری تاریخ گزرنے سے قبل اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرادیں تاکہ انہیں جرمانوں اوردیگر قانونی کارروائی سے بچنے میں مدد مل سکے۔

ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا ہے کہ وہ آخری روز کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت اپنے گوشوارے مکمل کرکے جمع کرائیں۔

آن لائن گوشوارے جمع کرانے کی سہولت

ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے شہریوں کو آن لائن سہولت سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

ٹیکس دہندگان ایف بی آر کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے گوشوارے جمع کراسکتے ہیں جبکہ ٹیکس آسان ایپ بھی اس مقصد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آن لائن نظام کے ذریعے ٹیکس دہندگان گھر بیٹھے اپنے گوشوارے جمع کراسکتے ہیں، جس سے ٹیکس دفاتر جانے کی ضرورت بھی کم ہوجاتی ہے۔

آخری تاریخ کے بعد جرمانے

ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے افراد کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ٹیکس ریٹرن بروقت جمع کرائیں اور مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد پیدا ہونے والی قانونی پیچیدگیوں سے بچیں۔