دبئی سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز (FZ1073) کے دوران کاک پٹ میں پائلٹس کے آپس میں لڑ پڑےجس کے بعد طیارے کو سعودی عرب میں ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔
ہنگامی سگنلز اور روٹ کی تبدیلی:
رپورٹس کے مطابق دبئی سے تل ابیب جانے والی اس پرواز نے پہلے ہنگامی کوڈ “7700” اور پھر انتہائی حساس نوعیت کا ہائی جیکنگ سے متعلق کوڈ “7500” جاری کیا۔ فلائٹ ٹریکنگ کے اعداد و شمار کے مطابق، اس ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر پرواز کا رخ اردن کی فضائی حدود سے موڑ کر سعودی عرب کی جانب کیا گیا، جہاں سعودی فوجی طیاروں نے اسے اپنے گھیرے میں لے کر تبوک ائیرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کروایا۔ واضح رہے کہ اس طیارے میں 150 سے زائد اسرائیلی مسافر سوار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ کشیدگی،دبئی، ابوظہبی، شارجہ کی متعدد پروازیں منسوخ، الرٹ جاری
اسرائیلی حکام اور میڈیا کا مؤقف:
واقعے کے فوراً بعد ترجمان اسرائیلی وزیراعظم کا یہ باضابطہ بیان سامنے آیا کہ دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کا یہ واقعہ کسی بھی قسم کی ہائی جیکنگ کا نتیجہ نہیں تھا۔ دوسری جانب، اسرائیلی میڈیا نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ طیارے میں ہنگامی سگنل دراصل کاک پٹ کے اندر پائلٹس کے درمیان ہونے والے شدید جھگڑے اور ہاتھ پائی کے دوران غلطی سے یا نادانستہ طور پر فعال ہو گئے تھے۔




