ہائیکورٹ

آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا تعلیمی پیکیج 2026 سے متعلق اہم فیصلہ، کابینہ کے اقدام پر حکمِ امتناعی جاری

آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے تعلیمی پیکیج 2026 کو ری وزٹ کرنے کے حوالے سے کابینہ کے فیصلے پر حکمِ امتناعی جاری کر دیا ہے۔ سینئر جج ہائی کورٹ جسٹس سید شاہد بہار نے اس سلسلے میں دائر کیے گئے مقدمات کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے۔

مقدمات کی تفصیلات اور فریقین کے مؤقف:

عدالت میں جن مقدمات پر سماعت کی گئی ان میں اہلیان سٹی مظفرآباد بنام آزاد حکومت اور سردار مختار احمد خان بنام آزاد حکومت شامل ہیں۔ ان مقدمات میں اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا جس کے تحت کابینہ نے تعلیمی پیکیج 2026 پر من و عن عمل درآمد کرنے کے بجائے اسے ریویو کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ سابق حکومت نے ریاست بھر میں نئے تعلیمی اداروں کے قیام، پہلے سے موجود اداروں کی اپ گریڈیشن اور سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایک جامع تعلیمی پیکیج منظور کیا تھا، تاہم موجودہ کابینہ نے اپنے پہلے ہی اجلاس میں اس پیکیج کو ری وزٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر تعلیمی پیکج 2026: باضابطہ منظوری کے باوجود عملدرآمد پر سوالات برقرار

عدالت میں موجودہ کابینہ کے اس فیصلے کے خلاف معروف قانون دان بیرسٹر ہمایوں نواز اور ثاقب عباسی ایڈوکیٹ نے بھرپور انداز میں مقدمات کی پیروی کی، جس پر عدالت نے احکامات جاری کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔