نیویارک:سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور تنازعات کے حل کیلئے بات چیت اور سفارت کاری کو اہم سمجھتا ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے ریاستوں کی خودمختاری کا احترام اور تنازعات کا پرامن حل تلاش کرنے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ اجلاس، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
فیصل بن فرحان نے کہا کہ خلیجی خطے کا استحکام صرف علاقائی امن تک محدود نہیں بلکہ توانائی کی فراہمی، عالمی تجارت اور سپلائی چین کے تسلسل سے بھی براہ راست جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان اور قطر کی کوششوں کی حمایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک علاقائی کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانے میں سرگرم ہیں۔
قطر نے اس سے قبل پاکستان کی قیادت میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار بھی کیا تھا۔
ادھر سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے نیویارک میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، کشیدگی میں کمی اور آزادانہ بحری آمدورفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تینوں ممالک نے بحرانوں کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کیلئے نامزد سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پاکستان پہنچ گئے
سعودی وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مخالفت کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دیا۔
انہوں نے یمن میں استحکام، شہریوں کے تحفظ اور علاقائی سلامتی کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔




