وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات میں غریب عوام کے لیے 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے دی جانے والی ٹارگٹڈ پٹرول سبسڈی پر بات ہوئی اور آئی ایم ایف کی جانب سے اس پر کوئی سنجیدہ تحفظات ظاہر نہیں کئے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کی سربراہ کو تفصیل سے آگاہ کیا کہ پاکستان میں مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باعث غریب آدمی کو کس قدر مشکلات کا سامنا ہے اور سوال کیا کہ غریب آدمی کہاں جائیگا۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ، نوٹیفکیشن جاری
ملاقات میں وزیراعظم نے معیشت مستحکم بنانے، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کیلئے اصلاحات کو آگے بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ۔
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر برائے نجکاری محمد علی، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کیلئے آئی ایم ایف کی مسلسل معاونت کو سراہا۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کیلئے حکومت کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان تعمیری شراکت داری مزید مستحکم بنانےمیں کرسٹالینا جارجیوا کے کردار کو سراہا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے معیشت مستحکم بنانے، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کیلئے اصلاحات کو آگے بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان محتاط مالیاتی اور زری پالیسیوں کی بدولت معاشی استحکام کیساتھ معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم نے مالیاتی نظم وضبط، بیرونی مالیاتی ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کو اجاگر کیا اور معاشی اصلاحات کے تسلسل کے ساتھ کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔
اس موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی،معاشی استحکام کیلئےحکومت کی کوششوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباشریف عظیم لیڈر، بہترین شخص ہیں، ٹرمپ کی ایک بار پھر تعریف
ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہاکہ ملاقات میں پاکستان میں جاری اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اصلاحات پر سختی سے عمل درآمد سے معاشی استحکام برقرار رکھنے میں مدد ملی ۔ اعتماد بحال ہوا اور پاکستان کی دوبارہ عالمی مارکیٹ تک رسائی میں مدد ملی ہے۔
کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے سے معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام جائزے، اصلاحات آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔




