کرم سیکٹر: غضب للحق جاری،فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام،متعدد افغان پوسٹیں تباہ

کرم(کشمیر ڈیجیٹل)پاک فوج کاخوارج کیخلاف غضب للحق آپریشن جاری ۔ کرم سیکٹر سے افغان طالبان کی زیر نگرانی فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔

کرم سیکٹر پاک-افغان سرحد پر شدید فائرنگ کی اطلاعات؛ پاک فوج کا توپ خانہ حرکت میں آگیا، دشمن کو منہ توڑ جواب کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے زیر نگرانی خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام ہونے کے بعد کرم سیکٹر میں افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ شروع کردی، جس کے جواب میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کی اور دشمن کی توپیں خاموش کروا دیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ: رینجرز پر فائرنگ کرنیوالا کالعدم ایکشن کمیٹی کا کارندہ ہلاک

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان خوارج کی بلااشتعال جارحیت کے بعد پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ٹی ٹی اے کی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان کے صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود افغان پوسٹوں سے افغان طالبان کی زیر نگرانی فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش کی گئی، جس کا بارڈر پر موجود پاکستانی جوانوں نے مؤثر جواب دیا۔

پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فوری، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سمیت توپ خانے سے نشانہ بنایا۔

پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھتے ہوئے جارحیت کا جواب دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ کسی بھی اشتعال انگیزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کیلئے فورسز مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہیں۔