سعودی ولی عہد نے مقامی سطح پر جدیدترین الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرا دیں

سعودی ولی عہد و وزیر اعظم اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی نیشنل آٹوموٹیو کمپنی ’سیر‘ کی پہلی الیکٹرک وہیکل ’ایگزوبوٹ‘ متعارف کرائی ہے۔

ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہاسیر کمپنی کی پہلی الیکٹرک وہیکل کی لانچنگ مملکت میں پائیدار اور ترقی یافتہ صنعتی نظام کی تشکیل اور استحکام کے سفر میں اہم قدم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 57سالہ کار لفٹر گرفتار،نمازی بن کر گاڑیاں چراتا رہا اور فروخت کرتا رہا

انہوں نے مزید کہا مملکت میں سرمایہ کاری کے فروغ، قومی صلاحیتوں کو با اختیار بنانے اور نجی شعبے کے کردار کو مضبوط بناتے ہوئے آٹوموبائل انڈسٹری کو اقتصادی ترقی کے ایک بنیادی ستون کے طورپر فروغ دیا جارہا ہے تاکہ سعودی عرب اس شعبے میں علاقائی اور عالمی سطح پر ایک نمایاں مرکز بن سکے۔

خیال رہے سیر کمپنی کی تیار کردہ ایگزوبوٹ سیڈان اور ایس یو وی (فورویل) دونوں اقسام میں تیار کی گئی پہلی پروڈکشن ہے۔

کمپنی آئندہ پانچ برسوں میں مجموعی طورپر سات ماڈلز مرحلہ وار لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ان میں درمیانے اور چھوٹے سائز کی گاڑیوں کے علاوہ مختلف ڈرائیو سسٹمز شامل ہوں گے۔

’سیر‘ کمپنی کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کے تحت کنگ سلمان آٹوموٹیو انڈسٹری کمپلیکس میں قائم ہے۔ یہ مرکز مشرق وسطی کی سطح پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور دنیا کے جدید ترین آٹوموبائل مینوفیکچرنگ مراکز میں شمار ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:کفایت شعاری مہم :غیر ملکی دوروں ،نئی گاڑیوں کی خریداری پرپابندی عائد

نئی لانچ کی جانے والی گاڑی ایگزوبوٹ کا ڈیزائن انتہائی منفرد ہے۔ اس کی ڈیزائننگ اور انجینئرنگ مقامی سطح پر کی گئی ہے جبکہ ان کی تیاری میں عالمی معیار کی تمام خصوصیات وسہولتوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

توقع ہے سال 2034 تک سیرسعودی عرب کی جی ڈی پی میں 30 ارب سعودی ریال سے زائد کا حصہ ڈالے گی جبکہ تجارتی توازن میں تقریبا 80 ارب ریال کی گروتھ ہو گی۔