کراچی کے علاقے جوانی سے بڑھاپے تک جرائم کی دنیا میں سرگرم رہنے والا گھوٹکی کا کار لفٹر کراچی پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
مسجد میں نمازی کا بھیس اختیار کرکے باہر کھڑی گاڑیاں چوری کرنے والے ملزم سے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے تفتیشی افسران نے تفتیش مکمل کرلی، ملزم کے 14 مقدمات پر مشتمل کریمنل ریکارڈ کا بھی سراغ مل گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج
پولیس کے مطابق57سالہ ملزم صرف گاڑی چوری کرنے کے لیے گھوٹکی سے کراچی آتا، واردات کے بعد چوری شدہ گاڑی کو کوئٹہ منتقل کرکے فروخت کرتا تھا۔
چند ماہ قبل گلشن اقبال کے ایک پوش علاقے کی مسجد میں نماز کی ادائیگی کے دوران مشتبہ شخص کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ فوٹیج میں ملزم کو مسجد میں نماز ادا کرنے کے بعد باہر نکلتے ہی مہارت سے ایک مہران گاڑی چوری کرکے فرار ہوتے دیکھا گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اے وی ایل سی نے ملزم کی شناخت کرکے اس کے گرد گھیرا تنگ کیا اور اسے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت انصاف علی ولد میر خان کے نام سے ہوئی ہےجو سال 2000 سے جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔
ملزم کے خلاف پہلا مقدمہ 26 سال قبل گاڑی چوری کی واردات کے الزام میں درج ہوا تھا، جس کے بعد اس کے خلاف مختلف مقدمات درج ہوتے رہے۔ ملزم بھیس بدلنے کا ماہر تھا اور گاڑیاں چوری کرنے کے بعد بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں فروخت کرتا رہا۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی خالد مصطفیٰ نے بتایا کہ ملزم کا 14 مقدمات پر مشتمل کریمنل ریکارڈ پولیس کو ملا ہے۔ گلشن اقبال میں گاڑی چوری کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزم کی شناخت ہوئی تھی۔
دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ فجر کی نماز کے وقت گاڑیاں چوری کرتا اور صبح ہونے سے پہلے ہی چوری شدہ گاڑی کراچی سے باہر منتقل کردیتا تھا۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزم نے چوری شدہ گاڑیاں کوئٹہ میں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے جبکہ گاڑیوں کے خریدار سے متعلق بھی پولیس کو ریکارڈ مل گیا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے اے وی ایل سی کی ٹیم کوئٹہ جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:اوکاڑہ :گرین بس میں موبائل چوری، ڈرائیور بس لیکر تھانے پہنچ گیا، ملزم گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ ملزم کراچی میں زیادہ وقت نہیں گزارتا تھا، گاڑی چوری کرنے کے بعد براہ راست گھوٹکی فرار ہوجاتا تھا۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی نے بتایا کہ اے وی ایل سی ٹیم کی کاوشوں سے گزشتہ 9 سال کے دوران گاڑی چوری کی وارداتوں کے ریکارڈ میں کمی آئی ہے جبکہ رواں سال 700 سے زائد چوری شدہ گاڑیاں برآمد کی جاچکی ہیں۔




