وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے تہران میں ملاقات کی جس میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطے بڑھانے پر زور دیا۔
ایرانی صدرکا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بناسکتے ہیں، پاکستان اور ایران مقامی اور علاقائی صلاحیتوں سے اپنی ضروریات پوری کرسکتے ہیں، امریکی دباؤ نے مسلم ممالک میں مزید قربت اور روابط کو فروغ دیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے نیویارک میں ملاقات ہوسکتی ہے، ٹرمپ
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان تجارت، معیشت، سیاحت اور سیاست سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانےکے لیے پرعزم ہے، پاکستان ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی ایران سے تعاون مزید وسعت دےگا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے بھی ملاقات کی ۔
دونوں ملکوں نے دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے اور سرحدی گزرگاہیں 24 گھنٹے فعال رکھنے سمیت کوہک کے مقام پر نئی گزرگاہ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی پیر کے روز ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے ہیں، جہاں ایئرپورٹ پر ان کا استقبال ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کیساتھ ایران کے بہت اچھے تعلقات ہیں : ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے بتایا کہ ایران اور پاکستان نے دوطرفہ تجارت کو موجودہ تقریباً 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے تجارت میں اضافے کے لیے پہلے سے موجود سرحدی گزرگاہوں کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ایک نئی بارڈر کراسنگ کھولنے پر بھی کام جاری ہے۔
محسن نقوی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافے اور ایران پر ممکنہ نئے امریکی حملے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ محسن نقوی کے دورہ تہران کا ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کے تبادلے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس دورے میں بات چیت کا محور پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون ہی رہے گا۔
پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسکندر مومنی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات کے باعث دوطرفہ معاہدوں میں سے بعض پر پہلے سے عمل درآمد جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا سے خطرات، ایران نے 3لاکھ 13ہزار جانثار متحرک کر دیئے
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملک کوہک کے مقام پر ایک نئی سرحدی گزرگاہ کھولنے کی تیاری کررہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست ٹرین سروس کے لیے لائن پر بھی کام جاری ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کے دورۂ ایران میں دیگر ایرانی حکام سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔




