امریکا سے خطرات، ایران نے 3لاکھ 13ہزار جانثار متحرک کر دیئے

ایران نے دشمن عناصر( امریکا اور اسرائیل) سے ملک کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے 3 لاکھ 13 ہزار جانثار متحرک کر دیئے۔

جمعے کے روز تہران میں امام حسین اسکوائر سے انقلاب اسکوائر تک بڑا جلوس نکالا گیا جس میں ’’جان فدا‘‘ مہم کی جنگی بٹالینز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ اور نیتن یاہو کے اقتدار میں ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہیگی، ایران

منتظمین کے مطابق جان فدا مہم کا مقصد ایران کی پائیدار سکیورٹی کے قیام میں مدد، عوامی طاقت کا مظاہرہ اور ملک دشمنوں کی جانب سے لاحق خطرات کے خلاف مزاحمت مضبوط بنانا ہے۔

ریلی سے خطاب میں بسیج تنظیم کے سربراہ حسین طائب نے ’’جان فدا‘‘ مہم کو دنیا کی جنگی تاریخ کی سب سے بڑی عوامی مہم، ایران کے جمہوری تشخص اور خطرات کے مقابل عوام کی ثابت قدمی کی علامت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں دنیا امریکیوں کو شکست کے ساتھ اس خطے سے نکلتے ہوئے دیکھے گی۔

ادھرایرانی پاسدارانِ انقلاب کی زمینی افواج کے کمانڈر محمد کرمی کا کہنا ہے کہ ایران دشمن کی کسی بھی ممکنہ غلطی کا طاقت سے جواب دینے کے لیے 100 فیصد تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کے صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی کو امریکی ویزے جاری

انہوں نے کہا کہ ایران دشمن کی جانب سے کسی بھی غلطی یا جارحانہ اقدام کی صورت میں بھرپور ردعمل دینے کی صلاحیت اور تیاری رکھتا ہے۔