شاردہ : کورٹ اور پاک فوج کے اشتراک سے میڈیکل کیمپ، ہزاروں مریضوں کا معائنہ

نیلم (راجہ ساجد)محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر،فلاحی تنظیم کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (KORT) اور پاک فوج کے اشتراک سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شاردہ میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا۔

میڈیکل کیمپ میں شاردہ اور گردونواح سے آنیوالے 2632مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں ضرورت کے مطابق ادویات فراہم کی گئیں۔

جنرل سرجن، ڈینٹل سرجن، میڈیکل اسپیشلسٹ، چائلڈ اسپیشلسٹ، آئی اسپیشلسٹ اور گائناکالوجسٹ سمیت مختلف شعبہ ہائے طب سے تعلق رکھنے والے 22 ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل پینل نے مریضوں کا معائنہ کیا، طبی مشاورت فراہم کی اور ضروری ادویات تجویز کیں۔

ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ آزاد کشمیر ڈاکٹر سردار آفتاب حسین نے فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور مختلف میڈیکل ڈیسکوں کا معائنہ کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:9 کنال اراضی کیس،مخالفین کی درخواست مسترد، متاثرین کے حق میں فیصلہ سنادیا

انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سردار آفتاب حسین نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نے محکمہ صحت میں بہتری اور ترقی کو ترجیحی بنیادوں پر رکھا ہے۔۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے پہلے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام میں صحت کے شعبے اور بالخصوص صحت مراکز کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پہاڑی علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

شاردہ کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے شاردہ سول ہسپتال کے منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے اور اس کا جلد ٹینڈر جاری کیا جائے گا جس کے بعد مزید بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔

ڈاکٹر سردار آفتاب حسین نے کہا کہ فری میڈیکل کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے طب کے ماہر ڈاکٹرز کی موجودگی سے شاردہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو ایک ہی مقام پر متعدد طبی سہولیات اور ماہرین سے مشاورت کا موقع ملا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایمز ہسپتال کا دورہ، مریضوں کی دیکھ بھال میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،وزیراعظم گیلانی

انہوں نے کیمپ کے انعقاد پر KORT اور محکمہ صحت عامہ نیلم کی ٹیم کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔

کیمپ کے دوران ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کے زیر اہتمام بے نظیر نشوونما پروگرام کا اسکریننگ ڈیسک بھی قائم کیا گیا جہاں بچوں اور خواتین کی نشوونما سے متعلق اسکریننگ کی گئی ۔

محکمہ صحت کی جانب سے ٹی بی لیپراسی اور محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے فیملی پلاننگ سے متعلق آگاہی و مشاورت کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کئے گئے۔

فری میڈیکل کیمپ کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نیلم ڈاکٹر سردار سجاد مغل، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال کیل، ضلعی آفیسر بہبود آبادی راجہ محمد عارف، اسسٹنٹ ڈائریکٹرEPI سید مبشر گیلانی اور WHO انچارج ڈاکٹر حمزہ اکرام،،سول اسپتال شاردہ کے انچارج ڈاکٹر طارق عبداللہ محکمہ صحت عامہ نیلم کے افسران جاوید چوہدری،فوجدار خان آفریدی و ڈاکٹرز اور دیگر اہلکار موجود تھے۔

جبکہ KORT کی ٹیم کے رکن (ر)کیپٹن سردار اختر،بار شاردا کے سیکرٹری جنرل و نمائندہ کورٹ چودھری اشتیاق ایڈووکیٹ کیمپ کے انتظامی امور اور مینجمنٹ میں خدمات انجام دیں۔کیمپ کے دوران محکمہ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے۔

علاقہ مکینوں نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ پہاڑی علاقے میں مختلف شعبہ ہائے طب کے 22 ماہر ڈاکٹرز کی ایک ہی مقام پر دستیابی سے انہیں علاج، طبی معائنہ اور ماہرین سے مشاورت کی اہم سہولت میسر آئی۔میڈیکل کیمپ میں متعلقہ یونٹ کے آرمی ڈاکٹرز ٹیم نے بھی چیک اپ کیا۔