وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ملک میں فی الحال پیٹرول کی کوئی قلت نہیں، تاہم اگر ایندھن کی قلت پیدا ہوئی تو اس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت ایک ہزار روپے فی لیٹر تک بھی جا سکتی ہے۔
لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں مسلم لیگ ن کے کارکن میاں عامر الطاف کی رہائشگاہ پر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت پیٹرول کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور اس وقت ملک میں پیٹرول کی قلت کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں پیٹرولیم قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم ہیں،علی پرویز ملک
علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں تقریباً 80 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں اس تناسب سے کم، تقریباً 50 فیصد اضافہ کیا گیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو محدود رکھنے کی کوشش کی ہے۔
وفاقی وزیر نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کے وفد کو ملک کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا تھا، اس لیے عوام کی مشکلات پر سیاست کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک روز میں 18 کروڑ روپے کے ٹوکن جاری کیے گئے۔
پی ٹی آئی کے حوالے سےانہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت میں دوسروں کے بچوں کو ایندھن نہ بنایا جائے ، اسلام آباد کی جانب کسی کو چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سردیوں میں عوام کو گیس کی قلت سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور ضرورت پڑنے پر گیس کی درآمد پر زیادہ رقم خرچ کرنا پڑی تو بھی اس کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مارجن نارمل ہونے پر ہی پیٹرول پر عوام کو ریلیف دیں گے،علی پرویز ملک
بلدیاتی نظام اور نئے انتظامی یونٹس سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اس معاملے پر اسمبلی میں بحث کی جائے گی۔ علیمہ خان کی حراست سے متعلق سوال پر انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔




