اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم ہیں۔
جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں، مقامی ڈیزل کی پیداوار بڑھانے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔
پیٹرولیم نرخوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 13روپے18پیسے،ڈیزل 13روپے 80 پیسےمہنگا
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے سفارش کی کہ اوگرا روزانہ پیلاٹس (platts) قیمتوں کا ڈیٹا ویب سائٹ پر جاری کرے تاکہ عوام کو قیمتوں کے تعین کا بینچ مارک معلوم ہو۔
اجلاس میں پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو قواعد پر مبنی، شفاف اور صوابدیدی فیصلوں سے پاک نظام کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا، تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن پر تمام اراکین کا اتفاق ہوا اور شفافیت بڑھانے پر زور دیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی، کمیٹی کی ذمہ داری مزید اہم ہو گئی، کے پی ایم جی سٹڈی کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں۔
مقامی ڈیزل پیداوار بڑھانے اور درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ مقامی ڈیزل پیداوار میں اضافہ پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائے گا، پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔




