محسن نقوی

کارکردگی دکھانے والے نوجوان کرکٹرز کو ٹیم میں جگہ ملے گی، محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جو نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیت اور کارکردگی ثابت کریں گے، انہیں قومی ٹیم تک پہنچنے کا موقع ہر صورت دیا جائے گا جبکہ کھلاڑیوں کی سلیکشن میرٹ کی بنیاد پر ہوگی۔

محسن نقوی نے یہ بات پی سی بی کے سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے افتتاحی میچ کے بعد  لاہور میں کھلاڑیوں، منتظمین اور شائقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دینگے، بعد میں کوئی شکوہ نہ کرے، محسن نقوی کا اعلان

چیئرمین پی سی بی نے نوجوان کرکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ محنت جاری رکھیں اور اپنی کارکردگی پر توجہ دیں کیونکہ ٹیموں میں انتخاب میرٹ اور میدان میں دکھائی جانے والی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ٹیم میں ہر صورت جگہ ملے گی۔ نوجوانوں کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد بھی ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہے جو مستقبل میں ملکی کرکٹ کی نمائندگی کرسکیں۔

محسن نقوی نے سکول کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے بتایا کہ پی سی بی ملک کے 50 بہترین سکولوں کی ٹیموں کو اپنی نگرانی میں لے گا۔

اس اقدام کے ذریعے سکول کی سطح پر کرکٹ کے نظام کو مزید منظم کرنے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ایسے سکول جہاں کھیلوں کیلئےگراؤنڈ دستیاب نہیں، ان کے ساتھ معاہدے کیے جائیں گے تاکہ وہاں زیر تعلیم بچوں کیلئے کھیل کے میدان کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے مناسب گراؤنڈز اور کھیلنے کی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں نکھار سکیں اور مسابقتی ماحول میں اپنی کارکردگی ثابت کرسکیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ سکول کرکٹ کے ذریعے ملک بھر سے ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

دریں اثناء قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی سی بی سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا افتتاحی میچ بھی کھیلا گیا، جس میں بیکن ہاؤس سکول نے ایچی سن سکول کو 20 رنز سے شکست دے دی۔

افتتاحی میچ میں دونوں سکولوں کے نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ میچ دیکھنے کیلئے شائقین بھی موجود تھے۔

پی سی بی کے مطابق اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنا اور مستقبل کیلئے باصلاحیت کرکٹرز کی تلاش ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کرکٹ ایک بار پھر سیاست کی نذر، بھارتی ویمن ٹیم کا ایشیاء کپ جیت کر ٹرافی لینے سے انکار، محسن نقوی بھی ڈٹ گئے

محسن نقوی کے اعلان کے مطابق اس پروگرام کے تحت نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کیلئےاعلیٰ سطح کی کرکٹ تک رسائی کے امکانات پیدا کیے جائیں گے۔