آن لائن

اسلام آباد پولیس کا ریاست مخالف آن لائن سرگرمیوں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد میں وفاقی پولیس نے ریاست مخالف پروپیگنڈے، غیر قانونی آن لائن سرگرمیوں اور انٹرنیٹ پر ہونیوالے جرائم کی روک تھام کیلئے سائبر نگرانی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آن لائن سرگرمیوں، سائبر جرائم، سوشل میڈیا پر ہونے والی کارروائیوں اور شہر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد  میں ممکنہ احتجاج، ریڈزون سیل کرنے کا عمل تیز

اجلاس کے دوران ریاست مخالف سرگرمیوں اور غیر قانونی آن لائن کارروائیوں میں ملوث عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے پرغور کیا گیا۔ متعلقہ افسران کو سائبر ٹریکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور اس حوالے سے جاری ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

آئی جی اسلام آباد نے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر جرائم کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی آن لائن سرگرمیوں کی مؤثر مانیٹرنگ اور قانون کے مطابق کارروائی کیلئے متعلقہ شعبوں کے درمیان رابطہ مزید بہتر بنایا جائے۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، امن و امان سے متعلق اقدامات اور ممکنہ حالات سے نمٹنےکیلئے پولیس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اہم مقامات اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

شرکاء کو اسلام آباد میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے پولیس کی تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے متعلقہ افسران کو سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ امریکا، وفد مزید محدود کر دیا گیا

اجلاس میں ڈی جی این سی سی آئی اے ناصر علی رضوی، ڈی آئی جی سی آئی اے سمیت وفاقی پولیس کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔