عطاتارڑ

اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج کی اجازت نہیں دی جائیگی، عطا تارڑ

وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے حوالے سے حکومت کی پالیسی واضح ہے اور کسی بھی صورت احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ماضی میں پرتشدد مظاہرے کیے جاتے رہے ہیں جبکہ احتجاج سے متعلق عدالت کا فیصلہ بھی آچکا ہے اور عدالتی احکامات واضح ہیں۔ ان کے مطابق ان حالات میں اسلام آباد کے کسی بھی مقام پر احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ممکنہ احتجاجی مارچ، راولپنڈی میں اہم شاہراہیں بند کرنے کی تیاریاں

وفاقی وزیر نے کہا کہ احتجاج کے معاملے پر حکومت کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گی اور دباؤ کے تحت کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں معمول کا حصہ ہیں، تاہم قانون سب کے لیے یکساں ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے صوبائی حکومت کو امن و امان کی صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں لاشیں پڑی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مصروفیات میں ہیں، اس لیے صوبائی حکومت کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔

جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے ممکنہ اشتراک کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر نے دونوں جماعتوں کے طرزِ احتجاج میں فرق کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر توڑ پھوڑ کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے کارکن عمومی طور پر پرامن احتجاج کرتے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے جلسوں میں اس نوعیت کے واقعات دیکھنے میں نہیں آتے اور دونوں جماعتوں کے سیاسی طریقہ کار میں نمایاں فرق ہے۔

ان کے بقول اسی وجہ سے انہیں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے ایک ساتھ آنے کا امکان نظر نہیں آتا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت نے قومی بچت کی سکیموں کے منافع کی شرح میں کمی کردی، نئے ریٹس جاری

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ماضی میں عدالتی فیصلوں کو تسلیم نہیں کرتی رہی، تاہم جماعت اسلامی کیلئے بھی بہتر ہوگا کہ وہ اسلام آباد آنے سے گریز کرے، کیونکہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔