کارروائی

سکیورٹی فورسزکی قلات میں بڑی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب

سکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب قومی شاہراہ این 25 پر دہشتگردوں کی جانب سے عوامی آمدورفت میں خلل ڈالنے اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کارروائی کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک کرتے ہوئے 23مغویوں کو بازیاب کروا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر بروقت کارروائی کی اور ان کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن ردالفتنہ 3: پنجگور اور چاغی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک

کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے قبضے میں موجود 23 مغوی افراد کو بھی بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے این 25 کے قریب ایک چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی، جہاں سے وہ مبینہ طور پر مسافروں اور دیگر شہریوں کو روک کر اغواء، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے زیر استعمال ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کی گئیں۔ حکام کے مطابق کارروائی کے بعد بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قائم کردہ نیٹ ورک اور ان کی جانب سے عوامی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ بازیاب ہونے والے 23 مغوی افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب خاران میں بھی دہشتگردی کا ایک واقعہ پیش آیا جہاں دہشتگردوں نے ایک مسافر گاڑی کو آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنایا۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 10 مزدور زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے میں ملوث عناصر کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی۔

قلات اور خاران میں پیش آنے والے دونوں واقعات کے بعد متعلقہ علاقوں میں سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔ حکام کی جانب سے شاہراہوں اور اہم مقامات کی نگرانی بھی سخت کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک، 6 جوان شہید

سکیورٹی حکام کے مطابق عوام کے تحفظ اور دہشتگرد عناصر کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔