شادی

سیالکوٹ : آئی فون اور سونے کی بالیوں کے مطالبات، دولہے کا شادی سے انکار

سیالکوٹ میں شادی کی ایک تقریب اس وقت غیر معمولی صورتِ حال اختیار کر گئی جب مبینہ طور پر منہ دکھائی اور دودھ پلائی کی رسومات کے حوالے سے دولہا اور دلہن کے خاندانوں کے درمیان اختلاف پیدا ہوگیا۔ معاملہ اس قدر بڑھا کہ دولہے نے مبینہ طور پر شادی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب کے دوران منہ دکھائی کی رسم کے موقع پر دلہن کے خاندان کی جانب سے مبینہ طور پر iPhone 17 Pro Max کا مطالبہ سامنے آیا، جبکہ دودھ پلائی کی رسم کے حوالے سے سونے کی بالیوں کا مطالبہ کیے جانے کی بات بھی سامنے آئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور، شادیوں میں ون ڈش نظام کیلئے شہری میدان میں آگئے

ان مطالبات پر دونوں خاندانوں کے درمیان بحث شروع ہوگئی۔ مبینہ طور پر دولہے اور اس کے اہلِ خانہ نے ان مطالبات پر تحفظات کا اظہار کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ شادی کی رسومات کو تحائف اور قیمتی اشیا کے مطالبات سے مشروط نہیں کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب دلہن کے خاندان کی جانب سے مطالبات کی نوعیت اور واقعے کی مکمل تفصیلات کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد دولہے نے مبینہ طور پر شادی آگے بڑھانے سے انکار کر دیا، جس کے نتیجے میں شادی کی تقریب متاثر ہوئی اور دونوں خاندانوں کے درمیان معاملہ تنازع کی شکل اختیار کر گیا۔

واقعے کی خبر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے بھی مختلف ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شادی کی تقریبات پر بڑی پابندی، حکومت کا نیا کفایت شعاری حکم نامہ جاری

بعض صارفین اسے شادی بیاہ میں بڑھتے ہوئے غیر ضروری مطالبات سے جوڑ رہے ہیں جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ شادی کی رسومات کو باہمی رضامندی اور خوش دلی سے ادا کیا جانا چاہیے۔